انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ آزادکشمیر اور ایم ٹی بی سی باغ کے مابین آزادکشمیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے معاہدہ طے پا گیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ آزادکشمیر اور ایم ٹی بی سی باغ کے مابین آزادکشمیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلہ میں تقریب سیکرٹریٹ اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد اور ایم ٹی بی سی کے جنرل منیجر علی شوکت نے معاہدے پر دستخط کیے۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق، ڈائریکٹر ایم ٹی بی سی سردار زرطیف بادشاہ و دیگر بھی موجود تھے۔

اس معاہدے کے تحت آئی ٹی بورڈ اور ایم ٹی بی سی کے اشتراک سے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل سروسز مہیا کی جائیں گی اور تمام اضلاع میں آئی ٹی سینٹرز بنائے جائیں گے جن میں نوجوانوں کی آئی ٹی کے حوالہ سے تربیت کی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد نے کہاکہ نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور تیز رفتار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے صوبے میں آئی ٹی کلچر کا فروغ نہایت ضروری ہے، نوجوان آگے بڑھیں‘ آئی ٹی کی تعلیمات حاصل کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوئے بغیر ترقی کے اہداف کو حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر جنرل منیجر ایم ٹی بی سی علی شوکت نے کہاکہ ایم ٹی بی سی آزادکشمیر میں آئی ٹی کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گئے، آزادکشمیر میں ایم ٹی بی سی مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کررہاہے۔

سیاحت، تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں ایم ٹی بی سی نے سرمایہ کاری کی ہے۔ حکومت آزادکشمیر کے ساتھ آئی ٹی کے فروغ کے حوالہ سے معاہدے کے تحت آزادکشمیر بھر میں ایم ٹی بی سی آئی ٹی بورڈ کے اشتراک سے ٹریننگ سینٹرز بنائے گی جس میں نوجوانوں کو اس حوالہ سے تربیت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے معاشی حالات بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی میں بھی اپنا بھرپور حصہ ڈال سکیں۔ ایم ٹی بی سی آئی ٹی بورڈ کے اشتراک سے آزادکشمیر بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی آئی ٹی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close