اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام کی طرف سے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرین کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے جمعہ کے روز اس سلسلہ میں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتیں متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں،سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں ایس ڈی ایم اے اور انتظامیہ کی طرف سے بارشوں اور سیلابی کیفیت کے متعلق الرٹ جاری کرنے اور نقصانات کو کم سے کم رکھنے کی کوشش کی تعریف کی۔انہوں نے محکمہ شاہرات کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں سڑکوں اور راستوں کو کھلا رکھنے کے لئے الرٹ رہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی،جنگلات کی کٹائی،بے ہنگم تعمیرات،ندی نالوں میں تعمیرات کرکے پانی کے قدرتی راستوں میں رکاوٹ کھڑی کرنے سے سیلابی کیفیت پیدا ہورہی ہے۔
آزادکشمیر میں ٹورازم کے فروغ کے دوران ماحولیات پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ سیلاب اور زلزلے جیسی آفات کی صورت میں نقصان کم سے کم ہو۔انہوں نے کہا کہ ملک کو کورونا وباء کے بعد اب سیلاب جیسی آفت کا سامنا ہے۔اس سال ریکارڈ توڑ بارشوں کے نتیجہ میں پنجاب،سندھ،بلوچستان اور کے پی کے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی سینکڑوں افراد جاں بحق اور اربوں روپے کی پراپرٹی،انفراسٹرکچر،مال مویشی کے نقصان کے ساتھ ساتھ وسیع پیمانے پر افراد بے گھر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کی امداد میں آزاد کشمیر حکومت بھی حصہ ڈال رہی ہے۔ آزاد کشمیر سے درجنوں این جی اوز اس وقت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشنز میں حصہ لے رہی ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں