مظفرآباد (پی این آئی) سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان کا عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے متاثرین کی ہر سطح پر ہر ممکنہ مدد یقینی بنانے کے لیے شہریوں سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔مخیر حضرات کے نام اپنے پیغام میں راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ پنجاب،خیبر پختونخواہ،سندھ کے لاکھوں افراد مدد کے منتظر ہیں اس وقت سب سے بڑی عبادت ان متاثرین تک پہنچنا اور ان کی ڈھارس بندھانا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کروڑوں لوگ سیلاب سے متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8اکتوبر 2005ءکے زلزلہ میں پاکستانی قوم،مخیر حضرات سمیت ہر مکتبہ فکرنے اپنی بساط سے بڑھ کر متاثرین زلزلہ کے دکھ درد بانٹنے کی کوشش کی تھی اس وقت ایسے ہی جذبہ اخوت کی ضرورت ہے۔انہوں نے آزادکشمیر کے تاجروں،صاحب ثروت،سیاسی زعمائ،وکلاءاور کاروباری شخصیات سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ہمارا دین اسلام بھی اپنے مصیب زدہ بھائیوں کی امداد کا درس دیتاہے،قدرتی آفات،سانحات رب العزت کی طرف سے امتحان ہوتا ہے اور اس امتحان سے ہم سب نے مل کر سرخروہونا ہے۔راجہ فاروق حیدر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نہ صرف سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے بلکہ آزادکشمیر کے مخیر حضرات اور صاحب ثروت حضرات کے ساتھ مل کر متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے ہر ممکن طورپر امدادی مہم بھی چلائیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں