میرپور (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ میرپور آزاد کشمیر کے سرکا تاج ہے اس شہر کے لوگ قابل فخر ہیں جنہوں نے پاکستان کی معاشی واقتصادی ترقی اورمنگلاڈیم کی تعمیر کے لئے اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کی قربانیاں دی،میرپور ڈرائی پورٹ کا32سالہ درینہ مطالبہ ہم نے پورا کردیا،میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا قیام، ریلوے کا محکمہ اور ریلوے ٹریک بھی بنائیں گے۔
مظفرآباد اور میرپور کی بجلی لائین انڈر گراؤنڈ کریں گے۔پرائیویٹ سیکٹر میں آزاد کشمیر کی پہلی فرم کو ائیرلائن کا لائسنس مل گیا ہے۔آزاد جموں وکشمیر بینک جلد ہی شیڈول بینک ہو گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے لیول کا آزاد کشمیر میں کوئی لیڈر نہیں۔ان کی سرپرستی اور راہنمائی میں خطہ کو تعمیروترقی کے لحاظ سے مثالی خطہ بنائیں گے۔ ہماری حکومت تصورات کے بجائے عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے جس کے جلد ثمرات سامنے نظر آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور ڈرائی پورٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے صدرریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،وزیر خزانہ عبدالماجد خان،چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ،چیئرمین سی بی آر سردار فہیم احمد عباسی ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں وزراء حکومت چوہدری ارشد حسین، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری اظہر صادق،ا کبر ابراہیم، مشیر حکومت حافظ حامد رضا، معاون خصوصی برائے اطلاعات،سمال انڈسٹریز و ماحولیات چوہدری رفیق نیئر،پارلیمانی سیکرٹری محترمہ تقدس گیلانی،چیئرمین عملدرآمد و معائنہ کمیشن راجہ منصور،ممبر اسمبلی محترمہ صبیحہ صدیق،سیکرٹری سروسز راجہ امجد پرویز علی خان،سیکرٹری صنعت وجاہت رشید بیگ،کمشنر چوہدری شوکت علی،کمشنر انلینڈ ریونیو باصل صدیق،کمشنرانلینڈ ریونیو اپیلز سردار ظفر محمود خان،ڈی آئی جی ڈاکٹر خالد محمود چوہان، صنعتکاروں سمیت ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔
میرپور ڈرائی پورٹ 100کنال رقبہ پر محیط ہے اس منصوبہ پر81 کروڑ 58 لاکھ 64 ہزار روپے کی لاگت آئے گی یہ پراجیکٹ ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ میرپور ڈرائی پورٹ سے آزاد کشمیر میں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔میرپور اور بھمبر انڈسٹریل اسٹیٹ کے رقبہ کو بڑھائیں گے اور میرپور کو حقیقی معنوں میں معاشی زون بنائیں گے جس میں بیرون ممالک سے صنعتکار بڑی صنعتیں لگائیں گے اورسرمایہ کاری کریں گے۔معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے میرپور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو فعال کریں گے۔پرائیویٹ سیکٹر میں صنعتکاروں نے سیالکوٹ اور ملتان میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ بنائے ہیں جس سے وہاں صنعتی ترقی میں انقلاب آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرائی پورٹ اہلیان میرپور کا خواب تھا جو آج پورا ہوگیا ہے اس کے لئے چیئرمین سی بی آر فہیم احمد عباسی اور وجاہت رشید بیگ کا اہم کردار ہے جھنوں نے دو ماہ کے قلیل عرصہ میں اس کا پی سی ون تیار کیا۔یہ ڈرائی پورٹ ہماری اور ریاست کی پہچان بنے گا۔سیالکوٹ اسلام آباد موٹر وے اور مانسہرہ مظفرآباد میرپور سڑک کی تعمیر سے بھی صنعتی اور معاشی واقتصادی سرگرمیوں کو زبردست فروغ ملے گا جہاں روز گار کے نت نئے مواقع ملیں گے۔ اندرون ملک اور بیرون ممالک تجارت آسان ہوگی اور آزاد کشمیر کے قومی خزانے میں سالانہ اربوں روپے کی آمدن ہوگی۔ یہ منصوبہ آزادکشمیر کا قابل فخرمنصوبہ ہوگا جس سے آنے والی نسلوں کا فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ایک تجربہ کا سیاستدان ہیں۔ان کی سرپرستی اور راہنمائی میں تحریک انصاف کی حکومت کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ گجرات میں چند ایک پنکھوں کی مکمل فیکٹری ہیں جن سے ساڑھے چار سو ملین ڈالرز کا بزنس ہوتا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ دیگر چھوٹی سینکڑوں ایسی انڈسٹریز ہیں جہاں چھوٹے پرزے بنائے جاتے ہیں،اس طرح آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع میں چھوٹی نوعیت کی فیکٹریاں لگائیں گے جس سے لوگوں کا روزگار وابستہ ہوگا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں