آزاد کشمیر، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس، 10 مارچ تک 18 سال تک کی عمر کو پہنچ جانے والے شہریوں کو ووٹ درج کرانے کا موقع دینے کا فیصلہ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ کے 18 اگست 2022 کے فیصلے کی روشنی میں بلدیاتی انتخابات 2022کے لیے تیاری کی جانے والی حتمی حلقہ بندی میں سے 43یونین کونسل ہا ء کی عدالت کے فیصلہ کے مطابق تشکیل کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز و دیگر نے شرکت کی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ز نے اجلاس میں اس حوالہ سے مختلف تجاویز دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ معزز عدالت کے حکم پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا حلقہ بندیوں کے حوالہ سے انتظامی افسران نے پہلے بھی بہترین خدمات انجام دی ہیں، آئندہ بھی انتظامی افسران بطریق احسن فرائض انجام دیں گے۔ سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہاکہ عوام کی رائے کا احترام کرتا ہے اور عدالت کے فیصلہ پر بھی سو فیصد عملدرآمد یقینی بناتاہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ایسے ووٹرز جن کا نام ووٹر لسٹ میں درجہ نہ ہو سکا ہے کا ووٹ درج کرنے یا ایک ہی گھر کے ایسے افراد جو کہ مختلف وارڈز میں درج ہو گئے ہیں کا ووٹ درست کرنے کے لیے مزید ایک موقع دیئے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے تمام افراد جو 10مارچ2022تک 18سال ہو چکے ہیں اور قومی شناختی کارڈ کے حامل ہیں اور ان کا نام بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار کردہ انتخابی فہرست میں موجود نہ ہے تو وہ اپنا نام درج کروانے کے لیے قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ درخواست اپنے ضلع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنر /فوکل پرسن کو دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ہی خاندان کے ایسے افراد جو ایک ہی گھر میں رہتے ہیں لیکن ان کے نام اگر مختلف وارڈ میں بطور ووٹر درج ہو گئے ہیں تووہ بھی اپنا نام اپنے گھر کے دیگر افراد کے ساتھ درج کروانے کے لیے درستی کی درخواست مع ثبوت وبیان حلفی 05ستمبر2022تک اپنے ضلع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنر/ فوکل پرسن کے پاس جمع کروائیں اور ڈپٹی کمشنر صاحبان (فوکل پرسنز) متذکرہ تاریخ تک انتخابی فہرست میں بطور ووٹر اندارج اور ردرستی کے لیے موصولہ درخواست ہا کی فیلڈ Verificationکر کے الیکشن کمیشن کو مطلع کریں گے اور الیکشن کمیشن کی طر ف سے درخواست ہا کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی یا ڈویژنل ہیڈکواٹر پر فاضل ممبران الیکشن کمیشن یا چیف الیکشن کمشنر سماعت کرتے ہوئے حکم مناسب صادر فرمائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close