میرپور (پی آئی ڈی) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرپور میں ڈرائی پورٹ کے قیام کا آغاز سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ آزاد کشمیر کی حکومت عوام صنعت کاروں اور بیرون ممالک میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کا یہ پرانا اور دیرینہ مطالبہ تھا کہ میرپور میں ڈرائی پورٹ کا قیام عمل میں لایا جائے۔
ڈرائی پورٹ سے جہاں میرپور میں صنعتی ترقی میں مدد ملے گی وہاں روز گار کے مزید موقع بھی ملیں گے۔ بیرون ممالک مقیم کشمیریوں کو بھی اب آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم ہوں گے۔ ڈرائی پورٹ کے قیام سے حکومت آزاد کشمیر کی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ اس لیے میں حکومت آزاد کشمیر کو اس اقدام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس اہم منصوبہ کے لیے وسائل کا انتظام کیا۔ مجھے اس منصوبہ پر خاص طور پر اس لیے خوشی ہے کہ اس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ چونکہ سرکاری ملازمتیں اب سب کو مہیا نہیں کی جا سکتیں اس لیے اب نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پرائیویٹ سیکٹر میں فراہم کرنا ضروری ہیں۔ میں وزیراعظم، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ اداروں کو کہوں گا کہ وہ اس منصوبہ کی ترجیح بنیادوں پر تکمیل کروائیں۔ میری یہ بھی رائے ہو گی کہ حکومت آزاد کشمیر دینہ سے میرپور ریل ٹریک کے لیے حکومت پاکستان سے بات کرے تاکہ ڈرائی پورٹ کو ریل کے ذریعے بھی لنک کیا جا سکے۔
سیالکوٹ کے ائیر پورٹ اور ڈرائی پورٹ کے بنانے میں سیالکوٹ چیمبر اور سیالکوٹ کے صنعت کاروں نے مثالی کام کیا میں میرپور چیمبر اور اپنے صنعت کاروں سے بھی اپیل کروں گا وہ اس منصوبہ کی تکمیل میں شراکت کار بنیں۔ آج کے دور میں کسی ریاست کی ترقی میں صنعتیں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اس لیے ہمیں اس جانب بھی قدم بڑھانا ہو گا۔ آزاد کشمیر میں اس طرح کے منصوبہ جات کی وجہ سے کنٹرول لائن کے اس پار بھی اچھا اثر پڑے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں