کشمیر کی تحریک آزاد کمزور نہیں ہونے دیں گے، نیلہ بٹ میں راجہ فاروق حیدر، چوہدری یاسین، سردار عتیق،یوسف نسیم، محمود ساغر کا خطاب

باغ (پی آئی ڈی) سابق وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہپندرھویں ترمیم کا مسودہ فوری واپس لیا جائے آزاد کشمیر کی عوام کے حقوق کا سودا کسی کو نہیں کرنے دیں گے۔ پندرھویں ترمیم کے بعد آزاد کشمیر کا وزیر اعظم برائے نام رہ جائے گا جو بیس کیمپ کے لیے تباہی کا باعث بنے گا جب تک پورا کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا تب تک کشمیر کی حیثیت کو کوئی تبدیل نہیں کر سکتا کشمیر کی مکمل آزادی کے بعد یہاں کے عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہو گا جس کی سمت کا تعین ہم 75 سال پہلے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگا کر کر چکے ہیں۔

ہم کسی کی جیب میں نہیں ہیں کہ کسی کا حکم مانیں گے ہم وہ قوم ہیں جو ایک اذان پہ 22 جانیں دے سکتے ہیں اور سب نے اپنے سینوں پہ گولیاں کھائی کسی کی پیٹھ پہ گولی نہیں تھی کشمیریوں نے ایسے اپنی آزادی کی جنگ لڑی ہے ۔ہم تحریک آزادی کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ ریاست کی عوام سے کہتا ہوں اپنی غیرت پہ سمجھوتہ مت کرنا ورنہ شہدا کو جواب دینا پڑے گا۔ ہمارا دشمن ہندوستان ہے جس نے ہمارے لاکھوں شہداء کا خون بہا کر تحریک آزادی کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔پاکستان کی عوام 75 سال سے ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ان سے کوئی گلہ نہیں مگر سیاسی قیادت سے ہزاروں گلے ہیں تحریک آزادی کو آج کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔مجاہد اول کیساتھ زندگی کا سب سے بہترین وقت گزرا جو سیکھا مجاہد اول سے سیکھا وہ خود میں ایک یونیورسٹی تھے انکے افکار اور نظریات کی ہمیشہ قدر رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم نیلا بٹ کے موقع پر منعقدہ مرکزی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوے کیا۔یوم نیلا بٹ کی مرکزی تقریب تاریخی مقام نیلا بٹ کے مقام پر منعقد کی گئی ۔

تقریب میں آزاد کشمیر کے تمام اضلاع سے عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر حریت رہنماؤں یوسف نسیم ،محمود احمد ساغر سمیت بڑی تعداد بھی نیلا بٹ کے تاریخی مقام پر پہنچی اور تحریک آزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب میں مختلف قراردادوں کے ذریعے ہندوستانی فوج کیطرف سے مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و جبر ۔یسین ملک کو پابند سلاسل کرنے۔ پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کرنے، ہندوستان کیطرف سے آرٹیکل 370 اور 35A کے خاتمے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور پندرھویں ترمیم پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کو دو ٹوک موقف اختیار کرنے ، یوم نیلا بٹ کو سرکاری سطح پر منانے اور عام تعطیل کا اعلان کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کی صدارت صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال نے کی جبکہ تقریب کی میزبانی سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کی ۔تقریب سے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین خان، وزیر حکومت میر اکبر خان،ثاقب مجید،سردار طارق سکندر ،میجر سردار نصر اللہ خان ،سابق وزیر حکومت محترمہ شمیم علی ملک،حریت رہنما سید یوسف نسیم ،راجہ نثار احمد شائق ،کرنل ریٹائرڈ عارف خان صدر مسلم کانفرنس جہلم ویلی،راجہ محمد الیاس خان صدر مسلم کانفرنس حلقہ سہنسہ، میمونہ کیانی ایڈوووکیٹ،صدر استقبالیہ کمیٹی نیلا بٹ سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ ،یاسر نقوی ایڈووکیٹ صدر مسلم کانفرنس مظفر آباد،پاکستان کے معرف صحافی سلطان سکندر۔ صدر جمعیت علماء جموں کشمیر سردار امتیاز احمد صدیقی۔آصف علی قادری۔ڈاکٹر عابد عباسی، سردار کمال خان ایڈووکیٹ۔عرفان عباسی، سید خالد امیر۔سردار افتخار عباسی ایڈووکیٹ۔ سردار عابد رزاق۔گردیزی۔راجہ شہباز۔ جاوید اختر عباسی، ایڈووکیٹ۔سردار انقلاب عباسی۔علیشبہ عباسی ذکی جبار۔راجہ خورشید اعوان۔ راجہ محمد زرین خان،ثمعیہ ساجد ۔خضر رحمان۔سید غلام نبی شاہ ۔ملک کرامت حسین۔سردار منظور احمد چغتائی۔سردار مشتاق نیئر۔راجہ طیب ایڈووکیٹ۔ سردار جاوید خلیل عباسی۔سردار جاوید خان۔سردار زاہد خان ،سردار طاہر اکرم ایڈووکیٹ۔سردار شوکت خان۔ملک محمد اعوان۔نعیم کمال۔سید اظہر علی شاہ ، چیئرمین یوتھ ونگ مسلم کانفرنس عثمان علی خان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے پندرھویں ترمیم آزاد کشمیر کو کالونی بنانے کا منصوبہ ہے جس سے کشمیریوں میں احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے 14 اگست کشمیر میں اس انداز میں نہیں منایا گیا جیسے کشمیری ہر سال مناتے ہیں پاکستانی قیادت کو یہ دیکھنا ہو گا کہ عوام کو مایوسی سے کیسے باہر نکالنا ہے یہاں دفعہ 56 کی باتیں ہو رہی ہیں کشمیریوں کا پاکستان سے لازوال رشتہ ہے جسے کمزور نہ کیا جائے۔فاروق حیدر خان کو دعوت دیتا ہوں کہ آپ ریاستی جماعت میں تاکہ ملکر ریاستی تشخص کی بات کریں اور اس پر پیرا دیں ۔ مجاہد اول کی بھی ریاستی تشخص پر اداروں اور حکومتوں کیساتھ جنگ ہوئی پندرھویں ترمیم جیسی سازش پہلی بار نہیں ہوئی ہم نے ایسی سازشوں کا پہلے بھی مقابلہ کیا اب بھی کریں گے۔اگر وفاقی حکومت نے پندرھویں ترمیم کا مسودہ واپس نہ لیا تو بھر پور رد عمل دیں گے۔حکومت ایسے لوگوں کا نوٹس لے جو ایسے مسودے تیار کرتے ہیں جن سے آزاد کشمیر کو مشرقی پاکستان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم آج نیلا بٹ سے یہ پیغام دیتے ہیں کہ اب صرف نیلا بٹ نہیں بلکہ پورے آزاد کشمیر میں ایسے اجتماعات ہونگے۔تقسیم کشمیر کا کسی کو حق نہیں دیں گے اب کشمیر پر جب بھی مذاکرات ہونگے سہہ فریقی ہونگے اور کشمیری اس میں شامل ہونگے۔حکومت اور عوام کا شکریہ گزار ہوں کہ یوم نیلا بٹ آج اس انداز میں منایا گیا جو اس کا حق تھا آج کوئی سیاسی جلسہ نہیں بلکہ نظریاتی اور فکری بنیادوں پر جمع عوام آج دنیا کو پیغام دے رہے ہیں کہ کشمیری تحریک آزادی کے لیے آج بھی اسی جذبے کیساتھ کھڑے ہیں جو 75 سال پہلے تھا۔نیلا بٹ کی تحریک کا نتیجہ ہے کہ 32 ہزار مربع میل کا علاقہ آج آزاد ہے اور آزادی کی تحریک اپنے منطقی انجام کیطرف بڑھ رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ آزاد خطہ مجاہد اول کی جد وجہد کا نتیجہ ہے آج جب تقسیم کشمیر کی بات ہو رہی ہے ہمیں افسوس ہے کہ آج ہم میں مجاہد اول کے پائیے کا کوئی لیڈر نہیں ہے مجاہد اول نے تحریک آزادی شروع کر کے کشمیریوں کو انکی منزل دکھائی وہ وقت دور نہیں جب سری نگر میں بھی ہمارا جھنڈا لہراے گا انہوں نے کہا کہ مجاہد اول نے عہدوں کے بجاے نظریے کو ترجیح دی ہم آج یہ عہد کرتے ہیں کہ مجاہد اول کے ادھورے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر حکومت سردار میر اکبر خان نے کہا کہ نیلا بٹ کو وہی مقام حاصل ہے جو لاہور میں مینار پاکستان کو حاصل ہے یوم نیلا بٹ تجدید عہد کا دن ہے مجاہد اول کی قیادت میں جب یہاں سے تحریک آزادی کا آغاز ہوا اسوقت ہم محکوم تھے مگر مجاہد اول کی قیادت اور عوام کے جذبہ جہاد نے ڈوگرہ سامراج سے آزادی حاصل کی۔مجاہد اول جس مقصد کے لیے تحریک کو لیکر آگے بڑھے وہ ہم پورا کریں گے ۔ پندرھویں ترمیم کا بہت شور ہے مگر عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم تشخص اور مالی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے وقت آیا تو بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال نے کہا کہ مجاہد اول نے 1947 میں جس سمت کا تعین کیا آج ہماری چوتھی نسل مجاہد اول کی تحریک آزادی کے لیے جد و جہد کو آگے بڑھا رہی ہے ہم آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ مجاہد اول کے مشن کو مکمل کر کے دم لیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم کانفرنس ثاقب مجید نے کہا کہ ہم آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ مجاہد اول نے جس جد و جہد کا آغاز کیا تھا اسے مجاہد اول کے چاہنے والے انجام تک پہنچائیں گے پندرھویں ترمیم کے ذریعے بیس کیمپ کے خلاف سازشیں بند کی جائیں اگر بیس کیمپ کمزور کیا جائے گا تو تحریک آزادی ختم ہو گی جو لاکھوں شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہو گا انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر میں کوئی ترمیم کرنی ہے تو تحریک آزادی کی مضبوطی کے لیے ترمیم کریں کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں انہیں ترمیموں کے ذریعے کمزور نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کونسل آزاد کشمیر کے بجٹ کو ہڑپ کرنے کا ادارہ تھا جسے بند کیا گیا اب کشمیری کسی صورت حقوق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے حریت رہنما محمود احمد ساغر اور سید یوسف نسیم نے کہا کہ نیلہ بٹ پر بہت بار آیا مگر آج عوام کے جذبات کو بہت الگ دیکھ رہا ہوں پاکستان کی قیادت کو عوامی جذبات دیکھنے ہونگے پاکستان کی سیاسی قیادت اگر کشمیر کو آزاد دیکھنا چاہتی ہے تو کشمیریوں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کریں۔تحریک آزادی کا بیس کیمپ اگر کمزور ہوا تو لاکھوں شہداء کے خون سے غداری ہو گی کشمیری قیادت کو با اختیار کیا جائے لاڑکانہ رائیونڈ یا بنی گالہ سے ان پر فیصلے مسلط نہ کیے جائیں۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے اپنے خطابات میں مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی قیادت میں نیلا بٹ سے ڈوگرہ سامراج کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تحریک آزادی کو جلا بخشنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے عہد کیا کہ 23 اگست 1947 کو مجاہد اول کی قیادت میں شروع ہونے والی تحریک آزادی کو کشمیر کی مکمل آزادی تک جاری رکھیں گے۔تقریب کے اختتام پر کشمیر کی آزادی پاکستان کی سالمیت اور شہداء کشمیر کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close