اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وادی نیلم کی تعمیر اور ترقی پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وادی نیلم میں سیاحت اور معدنی وسائل کا بہت بڑا پوٹینشل ہے اور اس سلسلے میں وادی نیلم میں بہتری اور عوام کو سہولیات پہنچانے کے لئے خصوصی اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ وادی نیلم سے ممبر قانون ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے زکوۃ وعشر پیر محمد مظہرسعید شاہ سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے جلد وادی نیلم کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کیا اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے زکوۃ وعشر پیر محمد مظہرسعید شاہ نے صدر ریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو وادی نیلم میں عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ممبر قانون ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے زکوۃ وعشر پیر محمد مظہرسعید شاہ کو یقین دلایا کہ ہم وادی نیلم کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ میں نے اپنے دورہ وادی نیلم کے دوران وہاں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے تمام محکموں سے بریفنگ لی تھی اور انشاء اللہ وادی نیلم کے عوام کو درپیش مسائل کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ صدر آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وادی نیلم میں سیاحت، معدنیات میں ایک بڑا پوٹینشل ہے اور حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے گی اسی طرح وادی نیلم کے جنگلات میں اضافہ کے لئے بھی کام جاری ہے۔
اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے زکوۃ وعشر پیر محمد مظہرسعید شاہ نے صدر آزادجموں وکشمیر کو وادی نیلم کے دورے کی دعوت دی جو صدر ریاست نے قبول کی اور بتایا کہ وہ جلد ہی وادی نیلم کا تفصیلی دورہ کریں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں