مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی ہدایت پر آزادجموں وکشمیر کابینہ کے تمام سرکاری اداروں میں تقریبات کے آغاز سے قبل تلاوت کلام پاک کے بعد درود شریف پڑھنے کے فیصلہ پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔ تمام سرکاری تقریبات میں تلاوت کلام پاک اور نعت شریف کے ساتھ ساتھ درود شریف بھی پڑھا جارہا ہے۔
وزیر اعظم کی زیرصدارت گزشتہ دنوں کابینہ نے سرکاری تقریبات اور اجلاسوں میں تلاوت کے بعد درود پاک لازمی قرار دیا تھا۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی تحریک پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کا آغاز تلاوت و نعت کے ساتھ درود پاک کے ورد سے کرنے بارے بھی رولنگ دیدی ہے۔ گذشتہ روز اسمبلی اجلاس کے آغاز میں بھی تلاوت کلام پاک کے بعد درود شریف پڑھا گیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے اس سلسلہ میں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نبی رحمت ﷺ کی ذات اقدس ہمارے لئے نمونہ ہے اور ان پر پر ہمارا سب کچھ قربان، آپؐ کیساتھ عقیدت کا تقاضا ہے کہ اپنے اندر آپؐ جیسے اخلاق و خصائل پیدا کرنے کی کوشش کریں۔نبی پاک سمیت ان کی آل پر درود بھیجیں اور آپؐ کی زندگی کے تمام پہلوؤں کو جانیں، سمجھیں اوران میں آپؐ نے جو رویہ اختیار کیا، اسے اپنائیں۔
اس سلسلہ میں آزاد کشمیر میں رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور اس مقصد کے لیے بجٹ میں فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام سے سیرت طیبہ ﷺ کو عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دی جائے گی اور اخلاقی پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔ انہوں نیکہا کہ اس اتھارٹی کے قیام سے معاشرے سے اخلاقی برائیوں کا خاتمہ اور سیرتِ طیبہ کی روشنی میں ان کا تدارک ہوگااور بچوں،نوجوانوں میں سیرت طیبہ کی تعلیمات پر توجہ دی جائیگی۔اس ضمن میں بہترین کتاب لکھنے پر ایک کروڑ روپے انعام بھی رکھا ہوا ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم آزادکشمیرسردار تنویر الیاس خان اپنی ہر تقریر کے دوران بھی شرکاء سے با آواز بلند درود پاک کا ورد کرنے کی تلقین کرتے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت نے آزادکشمیر میں رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے لیے بجٹ میں فنڈز مختص کر کے معاشرے میں پائے جانے والی بے چینی کے خاتمے اور رواداری کے فروغ کو مزید مستحکم و مضبوط کرنے کی طرح ڈال دی ہے
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں