آزاد کشمیر میں سرمایہ کار یہاں پر بلا جھجک سرمایہ کاری کریں سیاحت، ہائیڈرو اور کنسٹرکشن میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، صدر آزاد کشمیر کی ترکش بزنس فورم کے وفد سے گفتگو

مظفرآباد (پی این آئی) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر قدرتی حسن سے مالامال ہے اور یہاں پر سیاحت، ہائیڈرو اور دیگر شعبوں میں بڑا پوٹینشل ہے لہذا سرمایہ کار یہاں پر بلا جھجک سرمایہ کاری کریں آزادکشمیر حکومت انہیں ہر طرح سے تعاون، معاونت اور سہولیات فراہم کرے گی۔

 

 

بالخصوص بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کے لئے آزادکشمیر میں سیاحت، ہائیڈرو اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ حکومت آزادکشمیر انہیں ہر طرح کی مدد فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں ترکش بزنس فورم کے وفد سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر وفد کی قیادت حسینی نصر(Huseyin Nasar) نے کی جبکہ وفد میں گوکمن آئیلڈز(Gokmen Ayyildiz)، تگبا کوکیتاس(Tugba Kocatas)، منکسی حیفا(Menekse Hifa)، ذیشان الطاف لوہیا(Zeeshan Altaf Lohya)،، ہشام گلریز(Husham Gulraiz) اور دیگر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ترکش بزنس فورم کے وفد نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اپنے دورے کے اغراض و مقاصد اور آزادکشمیر میں تجارت اور سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے اپنی دلچسپی کے اظہار کے بارے میں بریفنگ دی۔

 

 

اس موقع پر صد ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ترکش بزنس فورم کے وفد کو یقین دلایا کہ آپ لوگ آزادکشمیر میں تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے آگے بڑھیں اس سلسلے میں حکومت آپ کی پوری معاونت، مدد اور سہولیات فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ترکش بزنس فورم کے وفد نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ترکی کے دورے کی دعوت دی جو صدر ریاست نے قبول کر تے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی ترکی کا دورہ کریں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں