صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا پی آئی ڈی کمپلیکس کا دورہ، میڈیا کی ترقی کیلئے وافر فنڈز فراہم کیے ہیں، عملے سے خطاب

مظفرآباد (آئی اے اعوان) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد کا دورہ۔پی آئی ڈی کمپلیکس آمد پر معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیرمرزا اور محکمہ اطلاعات کے افسران نے صدرریاست کاپرتپاک استقبال کیا۔

 

 

 

صدرریاست نے پی آئی ڈی کمپلیکس نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ میں مختلف شعبہ جات کامعائنہ کیا۔ صدرریاست کو ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے سینٹرل نیوزروم، ڈیجیٹل اینڈ سوشل میڈیا سیکشن، ویب ٹی وی سٹوڈیو، الیکٹرانک میڈیا، ایڈورٹائزنگ سیکشن اور ڈیکلریشن سیکشن کا معائنہ کروایااور محکمانہ بریفنگ دی۔دریں اثناء پی آئی ڈی کمپلیکس کے میڈیا سینٹر میں آفیسران اطلاعات قراۃ العین شبیر،راجہ محمد سہیل خان اور راجہ عبدالباسط نے اپنے اپنے شعبہ جات کے حوالہ سے بھی انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ موجودہ دور میڈیا کا دور ہے اور اس میں سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے سوشل میڈیا کا اہم کردار ہے۔ بیس کیمپ سے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات آگے کی سوچ کے ساتھ بہترین انداز میں ترقی کی جانب گامزن ہے۔

 

 

 

معاون خصوصی چوہدری محمد رفیق نیئر، سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کی قیادت میں محکمہ مزید ترقی کرے گا۔ حکومت نے میڈیا کی ترقی کیلئے رواں مالی سال میں وافر فنڈز فراہم کیے ہیں۔ میڈیا کی ترقی کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ صدرریاست نے کہاکہ آزادکشمیر میں سیاحت کا بہت پوٹینشل موجود ہے۔ سیاحت کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔میڈیا کے ذریعے ہم سیاحت کے فروغ میں اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے بعد اب سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبہ میں بھی ایک انقلاب برپا ہوچکا ہے۔ محکمہ اطلاعات میڈیا کے جدید رحجانات سے مکمل طور پر روشناس ہوچکا ہے اور محکمہ نے مستقبل کی پیش بندی بھی کر رکھی ہے۔اس اہم محکمہ کی ترقی سے حکومت آزادکشمیر کی پبلسٹی میں بہتری آئے گی اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر بہترین انداز میں اجاگر کیا جا سکے گا۔

 

 

 

اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر نے پی آئی ڈی کمپلیکس آمد پر صدرریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے صدرریاست کو محکمہ اطلاعات کا مجلہ ”جہان نو“ بھی پیش کیا۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close