آزادکشمیر میں جلد ازجلد بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہو سکے، پندرہواں ترمیمی بل پیش ہونے کے بعد وزیر اعظم آزاد کشمیر کا اسمبلی سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آئینی ترمیم کے مسودہ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ایوان میں پیش ہونے والے مسودہ قانون پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں جلد ازجلد بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے تاکہ اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہو سکے اور بلدیاتی ادارے بھی فعال ہونگے وزیراعظم نے کہا کہ اس کے علاوہ ہم آزادکشمیر میں نمبر داری نظام بھی بحال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کے معاملات کو بھی یکسو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے سلسلہ میں تام سیاسی جماعتوں کا متفق ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح پر پارلیمانی بورڈز تشکیل دیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں دیگر تمام ضروری اقدامات کے بعد بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومتی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مہاجرین کے گزارہ الاؤنس میں 1500فی کس اضافے پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے لیے درکار فنڈز کے حصول کے لیے وزارت خزانہ کو پراسیس تیز کرنے کی اور پنشن اور تنخواہ میں اضافے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وفاقی حکومت ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کی مدمیں حائل رکاوٹیں دور کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تمام مساجد کو مفت بجلی کی فراہمی پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں 7ارب روپے گزشتہ دور سے بقایا جات چلے آرہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں بجلی کے صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ اور دیگر ٹیکسز کی مد میں بوجھ نہیں پڑنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میر پور منگلا متاثرین کے مسائل کے معاملے میں چیئرمین واپڈا کو جوابدہ بنانے کے لیے ایوان کی کمیٹی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بجلی کے صارفین کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ متاثرین منگلا نے اپنے اباواجداد کی قبروں کی قربانیاں دی ہیں ان کے مسائل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں جہاں بھی بجلی پیدا ہوتی ہے وہاں کے لوگوں کو بھی سہولیات دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں