صدرکشمیر بیرسٹر سلطان محمودنے کشمیر پریمیئر لیگ سیزن 2 کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب کو یوم آزادی کے ساتھ منسلک کرنا بڑی پیش رفت ہے، بیرسٹر سلطان

مظفرآباد (آئی اے اعوان) صدر آزاد جموں کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیر پریمیئر لیگ سیزن 2 کا افتتاح کر دیا۔ کشمیر پریمیئر لیگ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب نڑول اسٹیڈیم مظفرآباد میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری تھے۔ اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری محمد رشید، نثار انصر ابدالی، چوہدری محمد اخلاق، معاون خصوصی برائے آئی ٹی چوہدری محمد اقبال، عاصم شریف بٹ، چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ،پریمئر لیگ کے صدر عارف ملک،توقیر سبحان،ہدای حسین شاہد سیکرٹریز حکومت ودیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر صدریاست نے سٹیڈیم کا چکر بھی لگایا۔


افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ ساڑھے 4 کروڑ لوگوں نے دیکھی۔ آج بھی بیشتر ممالک میں براہ راست دیکھی جارہی ہے۔ آج ساری کمیونٹی میں اس ایونٹ کی وجہ سے کشمیر کا نام بھی پہنچے گا۔ اس ایونٹ سے ہمارے نوجوان کرکٹرز کو بہت فائدہ ہوگا۔ اس لیگ کی افتتاحی تقریب کو یوم آزادی کے ساتھ منسلک کرنا بڑی پیش رفت ہے۔ اس سے مسئلہ کشمیر کو تقویت ملے گی۔ اس ایونٹ میں 7 ٹیمیں کھیل رہی ہیں۔ ساری ٹیمیں بہت اچھی ہیں۔

یہ ایک انٹرنیشنل ایونٹ ہے جو آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں ہورہا ہے جبکہ سرینگر میں کوئی مقامی ایونٹ بھی نہیں ہو سکتے۔ کشمیر پریمیئر لیگ کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ حکومت کشمیر پریمیئر لیگ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریگی۔ چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے کہاکہ کشمیر پریمیئر لیگ بیشتر ممالک میں براہ راست نشر ہو رہا ہے۔ 37 کشمیری کھلاڑی بھی شامل ہیں ہر میچ میں 2 کشمیری کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔

اس ایونٹ سے پاکستان کے ساتھ کشمیری عوام کو نہ ٹوٹنے والا رشتہ مزید مضبوط ہوگا اور آزاد کشمیر کے کھلاڑیوں کو دنیا کے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سے ارشاد احمد اور زمان خان کو کشمیر پریمیئر لیگ سے بڑے لیول پر کھیلنے کا موقع ملا۔ توقیر سبحان نے کہا کہ آزادکشمیر کے امن اور خوبصورتی کو پوری دنیا میں متعارف کروانا چاہتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close