مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے 75 واں یوم آزادی پاکستان شایان شان طریقے سے قومی و ملی جذبہ کے ساتھ منانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ آزادکشمیر کے جملہ انٹری پوائنٹس پر یوم آزادی کی مناسبت سے قائد اعظم محمد علی جناح اورعلامہ محمد اقبال کی تصاویر پر مبنی بینرز آویزاں کیے جائیں۔
کوہالہ مظفرآباد شاہراہ پر موجود خالی سائن بورڈز پر پینا فلیکس اور بینرز آویزاں کیے جائیں۔ کوہالہ ٹنل، چراوایا میونسپل انٹری پوائنٹ اور نلوچھی پل کے دونوں اطراف سٹریمر لگائے جائیں۔ قائد اعظم کی ریزیڈنسی برسالہ میں چراغاں کیا جائے اور پاکستان اور آزادکشمیر کے پرچم لہرائے جائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی نسبت سے جڑی اس تاریخی ریزیڈنسی کے اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے سکول کے بچوں کا ایک نمائندہ وفدہمراہ میڈیا کے ٹور کا اہتمام کیا جائے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے پس منظر میں اگر ریاست جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی قومی تحریک آزادی کا جائزہ لیا جائے تو یہ تاریخی حقیقت تسلیم کرنی پڑتی ہے کہ قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد ریاست کے مسلمانوں نے اپنی تحریک آزادی کو تحریک پاکستان سے وابستہ کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے باشعور اور غیور عوام نے ہمیشہ یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا الحاق حتمی ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ بھارت ایک طویل عرصہ سے ہماری اس نہج کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے۔بھارت نے آئینی ترامیم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت اور ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی گھناؤنی کوشش کی ہے جس کی پوری دنیا مذمت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہندوستان کے ان اقدامات کو رد کر دیا ہے۔ بھارت نے آئینی ترامیم کر کے اپنی تباہی کا سامان کر دیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں