مظفر آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓنے اپنی اور اپنے جان نثار ساتھیوں کی جانیں تک قربان کر کے حریت پسندی کی ایک روشن مثال تاریخ انسانیت میں چھوڑی ہے۔اس مثال پر جس قدر بھی فخر کریں کم ہے۔ سید الشہداء کی عظیم شہادت نے مسلمانوں کیلئے ایک خصوصی درس فراہم کیا ہے کہ بندہ مومن کی معراج یہ ہے کہ راہ حق میں ضرورت پڑنے پر اپنی عزیز ترین متاع بھی قربان کر دے اس عظیم شہادت کے مختلف پہلو ہیں اور ہر پہلو دوسرے سے روشن ہے۔ان خیالات کا اظہارنے یوم عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔
صدر آزادکشمیر نے کہا کہ امام عالی مقام اور ان کے مقدس ساتھیوں کی شہادت کا یہ منفرد اور ممتاز واقعہ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کیلئے کئی شاندار درس فراہم کرنا ہے امام عالی مقام کا صبر، ان کی جرات، بے غرضی اور دین سے مکمل وابستگی ہمارے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم کے دوران بہادری کے ایسے جوہر دکھائے کہ تاریخ عالم اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بہادر ایسی بے سرو سامانی غم و الم کے ہجوم اور بھوک و پیاس کی انتہائی تکالیف میں ایک کثیر فوج سے عرب کے ریگستانی دھوپ کے شعلوں میں نہ لڑا نہ لڑ سکتا ہے۔نواسہ رسول اور فرزند حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی بہادری اورقوت ان کی اس کمال روحانیت کو ظاہر کرتی ہے کہ وہ اسلام اورمقصد کی سچائی پرکس قدر مضبوط ارادے کے حامل تھے۔آپ میں وہ اعلیٰ جوہر اورکمالات تھے جو عام انسان میں نہیں پائے جاتے۔ آپ کی عظیم الشان اور عدیم النظیر قربانی نے نہ صرف اسلام کو ابدالآباد تک مسخ ہونے سے بلکہ مکمل تباہی سے بچا لیا۔ آپ نے اپنے دور کے تمام مسلمانوں اور آنے والی نسلوں کو مستقل گمراہی اوربے راہ روی سے محفوظ کر لیا۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آج بھی اپنے اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے ہم اس واقعہ سے راہنمائی حاصل کریں
مقبوضہ کشمیر کے ہمارے مجبور بہن بھائی بھارتی جبر و تشدد کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان کی نظریں ہم پر لگی ہیں۔آج اس مقدس موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی قومی زندگی میں اخوت، ہم آہنگی اور قربانی کے جذبے کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صفوں میں نظم و ضبط اور یک جہتی پیدا کریں گے اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے امام عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کی پاکیزہ مثال کو اپنے سامنے رکھیں تو مجھے پورا یقین ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیروں کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں