مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزادجموں وکشمیر کابینہ نے 13ماہ سے پنشن سے محروم AKMIDCکے ملازمین کو فوری پنشن کی ادائیگی، ایل او سی پر ہندوستانی فائرنگ سے معذور ہونے والوں کیلئے گزارہ الاؤنس، آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ ایکٹ، 300تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، ٹیچر لرننگ اکیڈمی و ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری بورڈز کے قیام کیلئے اخراجات، قدرتی ماحول کو متاثر کرنے والے کرش پلانٹس کو ضابطے میں لانے کیلئے پاور کریشرز ایکٹ،ہیومن ٹریفکنگ کی روک تھام کیلئے پریونشن آف ٹریفکنگ ان پرسنز ایکٹ اور رجسٹریشن ایکٹ 2022کی بھی منظوری دیدی۔
کابینہ کی تمام ذمہ داران کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کی ہدایت۔ کابینہ کی ہندوستان کے5اگست2019کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کی شدید مذمت۔ کابینہ کا بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے افواج پاکستان کے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت۔ کابینہ نے حالیہ بارشوں اورسیلاب کے دوران ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔ کابینہ نے آزادکشمیر مون سون بارشوں کے دوران شہید ہونے والوں اوراملاک کے نقصان پر معاوضہ جات کی فوری ادائیگی کیلئے فوری تخمینہ مرتب کرنے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں۔ پی آئی ڈی کمپلیکس میں وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کابینہ اجلاس کے بعد وزیر شہری دفاع چوہدری محمد اکبر ابراہیم، معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر، سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد اور توصیف عباسی کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ ایکٹ کو بہتر بنانے اور بھرتیوں کے عمل کو صاف وشفاف بنانے کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔
کابینہ نے جعلی پشتنی سرٹیفکیٹس اور ڈومیسائل کی منسوخی کے حوالہ سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ہے، سیکرٹری سروسز اور سیکرٹری قانون اسکے ممبرہوں گے،کمیٹی ایک ماہ میں فیصلہ کریگی اور اس پر سزا کا تعین بھی کریگی۔ عبدالماجد خان نے کہاکہ آزادکشمیر کے تشخص و وقار پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو سکتا، ریاست اور عوام کے مفاد کے خلاف کوئی کام نہیں کر سکتے اور نہ ہی ہم سے ایسی توقع رکھی جائے، ہمارے خون میں وفا ہے، اس خطے کیلئے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دی ہیں، لوگوں کی ہمدردریاں سمیٹنے کیلئے ہمیں بدنام نہ کیا جائے،پندرہویں ترمیم کو لیکر حکومت آزادکشمیر بدنام کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے بارے تحریری معاہدے پر عملدرآمد سے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ بجٹ پیش کرنے سے قبل وفاقی مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائزہ کے ساتھ آزادکشمیر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالہ سے میٹینگ ہوئی اورہم نے شرط رکھی کہ جب تک آفیشل منٹس جاری نہیں ہوتے ہم سرکار ی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان نہیں کر سکتے۔ اس کے بعد باقاعدہ تحریری طور پر سیکرٹری امور کشمیر کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے منٹس جاری ہوئے اور ہم نے بجٹ میں اعلان کیا تاہم اب تک وفاقی حکومت اس تحریری معاہدے پر عملدرآمد میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ پاکستان ہمارا بڑ ا بھائی ہے، اپنے بڑے بھائی سے التجا کرتے ہیں کہ اپنی کمٹمنٹ پوری کرے۔ وفاقی حکومت اپنے ملازمین کو ایگزیکٹیو الاؤنس تک دے رہی جبکہ آزادکشمیر کے سرکاری ملازمین ڈسپیرٹی اریڈکشن الاؤنس سے بھی محروم ہیں، یہ دوہرا معیار نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کا جینا دو بھر کر دیا ہے، وفاقی حکومت نے ہیلتھ کارڈ اور احساس جیسے مثالی پروگرام بھی بند کردیے۔ وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ سوشل میڈیا پر پندرہویں ترمیم کو لیکر ہماری حکومت کو ٹارگٹ اور ہمارے ذاتی اکاؤنٹس / نمبرز شیئر کر کے کردار کشی کی جارہی جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ریاست اور عوام کے مفاد کے خلاف کسی بھی کام کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ہمارے خون میں وفا ہے، اس خطے کیلئے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دی ہیں، لوگوں کی ہمدردریاں سمیٹنے کیلئے ہمیں نہ بدنام کیا جائے،پروپیگنڈا کرنے والوں کی اپنی جماعتوں کی وفاق میں حکومت ہے اپنی جماعتوں سے یہ بات کریں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان کے سچے اور مخلص لیڈر ہیں، پنجاب کے الیکشن نے بتادیا ہے کہ اب پورے ملک میں پی ٹی آئی کا ڈنکا بجے گا۔ سو مرتبہ عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالیں، عمران خان محب وطن ہے اس نے کہیں نہیں جانا،پنجاب سے پی ٹی آئی کو نکالا گیا اور مشکلات کھڑی کی گئیں لیکن اللہ نے دوبارہ عمران خان کو سرخرو کیا۔ انہوں نے کہاکہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کا سب سے بڑا وکیل ہے۔ ہماری حکومت نے جو اقدامات اٹھائے جلد آزادکشمیر کے عوام اس سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستا ن بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروائے۔ کشمیر اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔ مودی کا ناپاک ایجنڈا کامیاب نہیں ہو سکتا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں