کشمیری مہاجرین ہمارے بھائی ہیں، آبادکاری کے لیے 3ارب کے فنڈز ریلیز کر رہے ہیں، مشیر وزیر اعظم قمر زمان کائرہ کا چہلہ بانڈی کے مقام پر خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) مشیر وزیرا عظم پاکستان برائے امورکشمیر، گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ قومی،اخلاقی اور انسانی طور پر کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کا لازوال رشتہ ہے۔ پاکستان کی آزادی،کشمیر کی آزادی کے بغیر ممکن ہی نہیں۔ یہ صرف کشمیریوں کا مقدمہ نہیں بلکہ کشمیر کا مقدمہ ہر پاکستانی کا مقدمہ ہے۔ہم سب تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور حکومت مسئلہ کشمیر پر ایک ہیں۔

ہم نے مل کر آزادی کی جدو جہد جاری رکھی ہے۔ مہاجرین ہمارے بھائی ہیں، مہاجرین کی آبادکاری کے لیے 3ارب کے فنڈز ریلیز کر رہےہیں اور امسال مزید فنڈزدیں گے تاکہ مہاجرین کو اچھی رہائشی سہولیات میسر آ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار مشیر وزیراعظم پاکستان برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ نے اپنے مظفرآباد ورہ کے موقع پر چہلہ بانڈی مہاجر کیمپ میں مہاجرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرچوہدری لطیف اکبر، وزیر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی چوہدری اکبر ابراہیم،سید بازل علی نقوی، سردا ر جاوید ایوب،چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑبھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ مہاجرین کی آباد کاری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جون میں مہاجرین کے گھروں کی تعمیر کے لیے 3ارب روپے کے فنڈز ریلیز کر دیے ہیں جبکہ اس سال مزید فنڈز دیں گے تاکہ مہاجرین کے گھروں کی جلد از جلد تعمیر ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے گزارہ الاؤنس میں مہنگائی کے تناسب سے بھی اضافہ کریں گے اور مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مل کر کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑیں گے۔ میں اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے شہدا، بہنوں،بیٹوں اور جوانوں کی عظمتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا ہندوستان کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیر یوں کے حوصلے بلند ہیں اور۔۔ وہ ہندوستان کا مقابلہ ہمت اور جوانمردی سے کر رہے ہیں۔ کشمیری اس وقت تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آخر میں مقبوضہ کشمیر کے شہدا، بلوچستان میں طیارہ حادثہ میں پاک آرمی کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں