اسلام آباد (پی این آئی) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینٹ میں قراردادیں پاس کی جانی چاہیں۔ اسی طرح مسئلہ کشمیر کو نہ صرف انٹرنیشنل فورم پر اُٹھانے کی ضرورت ہے بلکہ اس سلسلے میں پاکستان اور آزادکشمیر کے لوگوں کی لام بندی کی بھی ضرورت ہے تاکہ عوام مکمل طور پر کشمیری عوام کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پراُٹھانے اور آواز بلند کرنے کے لئے نکلیں۔
ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی آواز عالمی سطح پر اُٹھانے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں جبکہ اس سلسلے میں آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام بھی منظم ہو کر مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے جارحانہ انداز میں اپنی آواز بلندکرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اس سلسلے میں پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینٹ سے بھی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حق میں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف قراردادیں پاس کی جانی چاہیے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں