وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی بلوچستان میں شہید افسران کی نماز جنازہ میں شرکت

راولپنڈی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وزراء کے ہمراہ بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہیدہونے والے افواج پاکستان کے اعلیٰ افسران کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی ،بریگیڈیر محمد خالد ،میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔

 

 

اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بلوچستان میں سیلاب مانیٹرنگ کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانی کو ملکی دفاع وسلامتی کے لیے عظیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہیدوں کے خون سے پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدیں ہمیشہ محفوظ رہیں گی۔کور کمانڈر کوئٹہ نے مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان کی عوام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا جو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔سردار تنویر الیاس نے شہداءکے درجات بلندی اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔کشمیری عوام نے بھی پاک فوج کو ہمیشہ قربانیوں کی وجہ سے اپنے دلوں کے قریب پایا ہے،حالیہ سانحہ میں بھی کشمیری افسران نے جان کی قربانی دے کر پاکستان کے ساتھ نظریاتی اور قلبی وابستگی کا عملی ثبوت فراہم کیا۔خون کی قربانی دے کر تاریخ میں امر ہونے والے شہدائے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے باب میں سنہری اضافہ ثابت ہوں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہر مشکل وقت میں قوم کی مدد کی ہے۔

 

بلوچستان کے متاثرین زلزلہ کو امداد پہنچانے اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے دیگر ساتھی افسران کے ہمراہ خود علاقے کا فضائی جائزہ لینے کے لیے بلوچستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں خراب موسم کی زد میں آکر ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا جس میں قیمتی جانیں گئیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ شہید ہونے والے افواج پاکستان کے افسران اور جوان قیمتی اثاثہ تھے ان کی ملک اور قوم کے لیے خدمات برسوں یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ شہدائے بلوچستان میں تھوراڑ سے تعلق رکھنے والے میجر جنرل امجد حنیف بھی شہید ہوئے ،تھوراڑ میرا حلقہ انتخاب ہے یوں اس حلقہ انتخاب کو پاکستان کے دفاع ،سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔میجر جنرل امجد حنیف کی طرح کشمیر کا ہر فرزند پاکستان کی سلامتی ودفاع اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ تن تیار ہے۔یقیناً امجد حنیف اور ان کے ساتھیوں کی قربانی بے مثال اور لازوال ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close