وزیر اعظم آزاد کشمیر اور کابینہ ارکان پاک فوج کے شہداء کی نمازہ جنازہ میں شرکت کریں گے

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان اور آزاد کشمیر کابینہ کے اراکین پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی ہدایت پرآزاد کشمیر کابینہ کے اجلاس سمیت جملہ سر کاری مصروفیات اس ناگہانی صورتحال کے باعث ملتوی کر دی گئی ہیں۔

پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے تمام وزراء کو واٹس ایپ پیغام کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ کابینہ اجلاس میں شرکت کی بجائے شہداء کے جنازوں میں شریک ہوں۔سانحہ بلوچستان کی وجہ سے آزاد کشمیر بھر میں سوگ کی سی کیفیت ہے۔سول سوسائٹی کی جانب سے شہدائکے درجات کی بلندی کی دعائیں اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔۔۔۔۔ وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموںو کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں افواج پاکستان کےاعلی افسران و جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیدیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ افواج پاکستان کی اعلی قیادت نے انسانیت کی خدمت اور سیلاب زدگان کی مدد کے دوران جام شہادت نوش کیا ۔

قوم افواج پاکستان کے ان افسران و جوانوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔جوانوں کے خون کا ایک ایک قطرہ ملک کے تحفظ کا ضامن ہے ۔انہوں نے کہاکہ جرأت اور شہادت ہماری افواج کا طرہ امتیاز ہے ۔ کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ،آزاد کشمیر کے دو بہادر سپوت میجر جنرل امجد حنیف ،میجر طلحہ اور دیگر افسران کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا ہے ، پوری قوم شہدا کے لواحقین کیساتھ کھڑی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close