راولپنڈی (پی آئی ڈی) جموں و کشمیر لبریشن کمیشن میڈیا ونگ کے زیر اہتمام غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔دعائیہ تقریب میں حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین،جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدر محترمہ نبیلہ ارشاد، ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان،ڈپٹی ڈائریکٹر سردار عظیم سرور، معاون ناظمین خواجہ عمران الحق، راجہ راشدرضا، راجہ خالد محمود اور راجہ ندیم سرور سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
سٹیج سیکرٹری کے فرائض سردار نجیب الغفور خان نے ادا کئے۔ شیخ عبدالمتین نے اس موقع پر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قومی و ملی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔محترمہ نبیلہ ارشاد نے کہا کہ سردار ابراہیم خان اپنی ذات میں ایک اکیڈمی کی حیثیت رکھتے تھے جموں و کشمیر میں سیاسی سرگرمیوں کو سردار محمد ابراہیم خان نے فروغ دیا اور جب جہاد کی ضرورت پڑی تو آپ نے اس میں بھی حصہ لیا۔دیگرمقررین نے کہا کہ آزادکشمیر کے بانی صدر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پاکستان کی تخلیق سے بھی پہلے ان کی سرینگر میں رہائش گاہ آبی گزرگاہ میں الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی گئی جو ان کی ملت پاکستان کے ساتھ محبت کی علامت ہے، تحریک آزادی کشمیر ہو یا آزادکشمیر میں سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دینا،ترقیاتی کام ہوں یا آئینی معاملات سردار محمد ابراہیم خان کا غیر معمولی کردار ہمیں ہر جگہ پر نظر آتا ہے، وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے جنہوں نے ریاست کے تشخص کو برقرار رکھنے کیلیے اپنا اہم ترین کردار ادا کیا۔مقررین نے کہا کہ تحریک آزاد ی کشمیر میں جس طرح غازی ملت نے قومی قیادت کا فریضہ سرانجام دیا اور جس ولولہ اور جوش سے عملاً تحریک کا حصہ رہے وہ تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، غازی ملت کی سیاسی زندگی سب کے لئے مشعل راہ ہے، سردار محمد ابراہیم خان کشمیری قوم کے محسن ہیں اورا ن کی خدمات کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں