مظفرآباد (پی آئی ڈی) سیکرٹری اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محترمہ مدحت شہزاد نے کہا ہے کہ یہ کبھی نہیں ہو سکتا کہ انسان محنت کرے اور اس کی محنت رائیگاں جائے۔ اچھا انسان ضرور کامیاب ہوتا ہے۔کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے مقصد کا تعین کریں اور اس کے حصول پر پوری پوری توجہ دیں۔اپنے اندر کے انسان کو باہر لائیں اور اپنی اچھائیوں پر توجہ دیں ہر انسان کے اندر اچھائی موجود ہوتی ہے۔
آزادکشمیر میں محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر منظم کیا گیا ہے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعہ آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں کمپیوٹرلیبز بھی قائم کی گئی ہیں۔آزاد کشمیر کے اندر سیاحت کے شعبہ میں بے پناہ ترقی کے مواقع موجود ہیں۔ حکومت آزاد کشمیر سیاحت کی ترقی کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے۔حکومتی سطح پر ماحول دوست سیاحت کی ترقی کے لئے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔اس وقت آزاد کشمیر میں سیاحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرن شپ پروگرام کے طلباء و طالبات سے بحیثیت مہمان مقرر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ راجہ محمد سجاد خان نے انسٹیٹیوٹ اور انٹرن شپ پروگرام کے حوالہ سے بریفنگ دی۔
محترمہ مدحت شہزاد نے مختلف جامعات کے طلباء و طالبات کے لئے انٹرن شپ پروگرام کا انعقاد کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے بہترین پروگرام کا انعقاد کیا ہے اورجموں وکشمیرلبریشن کمیشن کو مبارک دی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ایک تحقیقی ادارہ کی اشد ضرورت تھی اور جموں وکشمیرلبریشن کمیشن نے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ قائم کرکے اس ضرورت کو پورا کر دیا۔ اس انٹرن شپ پروگرام میں آزاد کشمیر یونیورسٹی سمیت نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، قائد اعظم یونیورسٹی، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی، بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی،نمل یونیورسٹی کے طلباء و طالبات شریک ہیں ان جامعات کے طلباء و طالبات کو انٹرن شپ پروگرام میں شریک کرنا لائق تحسین ہے۔ آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ کسی تھینک ٹینک کے زیر اہتمام طلباء و طالبات کے لئے انٹرن شپ پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھیسز بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا ہے طلباء و طالبات تھیسز پر توجہ دیں اور ایسی ریسرچ کریں جس سے ریاست کو فائدہ اور اور آپ کی ریسرچ سے دوسرے مستفید ہوں۔نوجوان نشل اور تحقیقی کام کرنے والوں کو کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی لائبریری سی بھی استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کے کے لئے نوجوانوں کو بھرپور محنت کرنی چاہیے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیق کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر میں معاشی،سماجی اور تعلیمی ترقی کے حوالہ سے بھی تحقیق کرنی چاہیے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو مثبت شہری بنائیں اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ جو محنت کرتا ہے وہ کبھی ناکام نہیں ہوتا۔ کامیابی کے لئے کسی سفارش کی ضرورت نہیں ہوتی۔آپ کی محنت ہی آپ کو منزل تک لے جا سکتی ہے۔ اچھے انسان کی کامیابی میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی۔ اپنی فطرت سے کبھی انحراف نہ کریں اور کامیابی کے لئے اپنے اندر کے انسان کو باہر لائیں قدرت نے آپ کو جن صلاحیتوں سے نوازا ہے ان صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔محترمہ مدحت شہزاد نے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی لائبریری کا دورہ کیا اور لائبریری میں موجود تاریخی اور نایاب کتب کو جمع کرنے پر جموں وکشمیرلبریشن کمیشن کو سراہا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں