مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری برقیات چوہدری محمد طیب، سپیشل سیکرٹری صحت عامہ سہیل اعظم، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ محمد شاہد خان،کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمان سمیت پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ جبکہ کمشنر میرپور اور پونچھ ڈویژن اور ڈی آئی جیز نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر تینوں ڈویژن کے کمشنرز نے محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات، مجالس اور جلوسوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے کہا کہ انتظامیہ پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات ہر قسم کی فرقہ وارانہ وابستگی سے بالا تر ہوکر کوڈ آف کنڈیکٹ کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ محرم الحرام کے دورا ن، انتظامیہ اور دیگر محکمہ جات نیوٹرل ہو کہ لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے کے اقدامات کریں۔ جلو س کی ویڈیو کوریج کی جائے اور جلوسوں کے راستے میں موجود CCTVکیمرہ سے بھی مانیٹرنگ کی جائے۔ سوشل میڈیا کی بھی موثر انداز میں مانیٹرنگ کی جائے اور سوشل میڈیا پر جوشرپسند عناصر مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کریں انکے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔انہیں ٹریس کر کے ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی تمام مجالس اور جلوسوں کی ایک فہرست مرتب کی جائے اور منتظمین کے ساتھ کورآرڈینیشن کے ساتھ انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کی SOPsسے بھی منتظمین کو آگاہ کریں اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالہ سے قومی سطح پر واضع شدہ پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے۔ مجالس اور جلوسوں میں شریک لوگوں کو بجلی، واٹر سپلائی، سیوریج،صفائی سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ مجالس کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں