مظفر آباد(پی این آئی)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں حالیہ بارشوں کے دوران نقصان سے بچنے کے لئے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں جبکہ انہوں نے بارشوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کر تے ہوئے انتظامیہ کو کسی بھی نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
جمعرات کو بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال پر احکامات جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ والی جگہوں کا معائنہ کر کے لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے وزیر اعظم آفس کو آگاہ رکھا جائے۔ تمام رابطہ سڑکیں جلد از جلد بحال کی جائیں اور لوگوں کو شاہرات کی صورتحال سے اپ ڈیٹ رکھا جائے۔لینڈ سلائیڈنگ والی جگہوں پر مشینری کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی جگہ بارشوں سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے تو فوری طور پر متاثرین کو ریلیف و امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے محکمہ برقیات کو ہدایت کی مون سون کے دوران لائنوں پر ہونے والے ممکنہ حادثات کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں خطرناک مقامات کا افسران ذاتی طور پر معائنہ کرکے انہیں فی الفور ختم کریں تاکہ موسم برسات میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں