بجلی کے بلوں کی مد میں صارفین کو تنگ نہ کیا جائے، حکومتی منظوری کے بغیر ٹیرف میں کوئی ردوبدل نہ کیا جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایت

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بجلی کے بلات میں فیول ایڈجسٹمنٹ اور اعلان کردہ ٹیرف کے مغائر بلات کے اجراء کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ برقیات کو احکامات جاری کیے ہیں کہ ایک سال کے لیے بجٹ تقریر میں اعلان شدہ فکس ٹیرف برقرار رکھا جائے اور احکامات کے برعکس بجلی کے بلات جاری کرنے والے ذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔

بجلی کے بلات میں من پسند فیول ایڈجسٹمنٹ اور ٹیرف کے تحت صارفین کو ذہنی اذیت پہنچائی گئی جو کہ ناقابل برداشت ہے۔احتجاج عوام کا حق ہے تاہم اپیل ہے کہ دوران احتجاج سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ موجودہ مہنگائی کے مشکل ترین دور میں عوام پر بجلی بل گرانا صریحاً زیادتی کے مترادف ہے جس کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کے بلوں کی مد میں صارفین کو تنگ نہ کیا جائے اور حکومتی منظوری کے بغیر ٹیرف میں کوئی ردوبدل نہ کیا جائے اور ایک سال کے لیے آزاد کشمیر میں فیول ایڈ جسٹمنٹ سمیت کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگے گا اور نہ ہی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔ صارفین سے وصول کیے گئے فیول ایڈجسٹمنٹ اور اضافی قیمتیں آئندہ بلات میں ایڈجسٹ کی جائیں گی۔پورا سال بجلی کے فکس ٹیرف سمیت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے۔

اس سلسلہ میں حکومت آزاد کشمیر نے بجلی کے بل کی ادائیگی کی تاریخ میں توسیع بھی کی ہے۔ںوزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر آزادکشمیر میں ہائیڈل کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی خدمات بھی لی جائیں گی تاکہ آزاد کشمیر میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو بروئے کار لاکر بجلی کی کمی دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close