آزاد کشمیر کے عبوری آئین میں پندرویں ترمیم کے خلاف سیاسی قوتوں کا متفقہ موقف ریاستی عوام کی فتح ہے، سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کا دو ٹوک مؤقف

ہٹیاں بالا (آئی اے اعوان) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عبوری آئین میں پندرویں ترمیم کے خلاف آزادکشمیر کی ساری سیاسی قوتوں کا متفقہ موقف ریاستی عوام کی فتح ہے، آزادجموں وکشمیر بار کونسل اور سینٹرل بارایسوسی ایشن مظفرآباد سمیت تمام بارایسوسی ایشنوں کے وکلاء کی جانب سے پندرویں ترمیم کے خلاف مشترکہ بیان اور شدید ردعمل لائق تحسین ہے۔

ڈسٹرکٹ پریس کلب جہلم ویلی ہٹیاں بالا کے نائب صدر ذاہد اعوان کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا کہ تیرہویں ترمیم کی منظوری کیلئے طویل عرصہ صبر آزما جدوجہد کی جس کے ذریعے حاصل ہونے والے اختیارات کے تحفظ کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کی ہیں کہ ریاستی تشخص، عوامی حقوق اور اختیارات کی بحالی کیلئے اپنے حصے کا کام کیا ہے۔ اس جدوجہد میں ساتھ دینے پر اپنی جماعت، پارلیمانی پارٹی سمیت تمام پارلیمانی سیاسی قیادت کا بھی شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں میاں نواز شریف قائد مسلم لیگ ن، اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور تمام سٹیک ہولڈرز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے تیرویں ترمیم کی منظوری کے لیے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا تھا راجہ فاروق حیدر کی کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کے موقع پر مرزا آصف علی مغل رہنما مسلم لیگ ن، لیاقت علی اعوان، محمد عنصر اعوان، یوتھ کے نوجوان رہنما سعد مشتاق اعوان، بھی موجود تھے۔

سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی حالات جان بوجھ کر خراب کیے جارہے ہیں، منتخب نمائندوں کو فیصلوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے نوازشریف کے بیانیے کو جرات اور دلیری کے ساتھ عوام میں مقبول بنایا ہے، توقع ہے جلد نوازشریف وطن واپس ہونگے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے کارکنان محنت، اتفاق اور اتحاد سے مہم چلائیں آزاد کشمیر حکومت انتخابات سے فرار چاہتی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اچھا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع جہلم ویلی میں مسلم لیگ ن کے کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ پندرویں ترمیم لانے کے پس پردہ مقاصد کچھ اور ہیں جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ریاست جموں وکشمیر کے تشخص، آزاد کشمیر کے مالی و انتظامی اور قانون سازی کے اختیارات کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close