اسلام آباد ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف آزادجموں و کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے سپریم کورٹ کی طرف سے پندرہ اکتوبر سے قبل بلدیاتی الیکشن کرانے کی ہدایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے نہ صرف تیار ہے بلکہ پورے آزادکشمیر میں جلد ہی الیکشن مہم بھی شروع کرے گی۔ پنجاب کے ضمنی الیکشن کی طرح آزادکشمیر میں بھی پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی اور جس طرح پی ٹی آئی نے پنجاب میں نون لیگ کو دھول چٹائی ہے،
انشا اللہ اسی طرح آزادکشمیر کے عوام بھی اس پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔ انہوں نےکہا کہ پی ٹی آئی ایک مقبول جماعت ہے جو نوجوانوں اور خواتین کو الیکشن میں بھرپور نمائندگی دے گی اور انہیں پارٹی کی حمایت اور تعاون کے ساتھ انتخابی میدان میں اتارا جائے گا۔
سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کہا کہبلدیاتی نظام جمہوریت کی بنیاد اور سیاستدانوں کی تیاری کی نرسری ہے۔ تین عشروں بعد آزادکشمیر میں بلدیاتی نظام کی بحالی کا کریڈٹ پی ٹی آئی کو جاتاہے۔ پی پی پی، مسلم کانفرنس اور نون لیگ نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ بلدیاتی الیکشن کراکر اقتدار اور اختیار نچلی سطح پر منتقل کریں گی لیکن انہوں نے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان چاہتے ہیں کہ اقتدار اور اختیار میں عام شہری شریک ہو۔ گاؤں اور محلے کی سطح پر لوگ اپنے فیصلہ خود کریں اور ترقیاتی منصوبہ تجویز کریں اور ان کی تکمیل کے لیے وسائل بھی خود خرچ کریں۔ اسی لیے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی قیادت میں پارٹی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے لیے جلد ہی پورے آزادکشمیر میں مشاورتی اجلاس منعقد کرے گی اور کارکنان کے مشورہ سے امیدوار فائنل کیے جائیں گے۔
سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے مزید کہا کہ بلدیاتی الیکشن آزادکشمیر میں برادری اور خاندانی سیاست کی جگہ حقیقی جمہوری سوچ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تعمیر اور ترقی کے نئے دروازے کھولیں گے اورمنتخب نمائندے شہریوں کے ساتھ گلی محلوں میں رہیں گے اور ان کی دسترس میں بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ صاف اور شفاف الیکشن کرانے کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں