اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پنجاب کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی واضح اکثریت کے ساتھ کامیابی کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے اسے سابق وزیراعظم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیانیے کی فتح سے تعبیر کیا ہے۔
ضمنی انتخاب میں کامیابی پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جس جرات، ہمت، استقامت اور محنت کے ساتھ ضمنی انتخاب کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائی،پنجاب کے عوام نے بالعموم اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے بالخصوص عمران خان کی جدوجہد کا ساتھ دے کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان اب حقیقت میں بدل چکا ہے،سیاسی شعور کی پختگی اور اپنے حقوق سے آگاہی نے پاکستان کے عوام کو حقیقی آزادی کی منزل کے قریب تر کردیا ہے۔ضمنی انتخاب میں پنجاب کے عوام نے وفاداریاں بدلنے والوں کو شکست دی ہے،عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں سیاسی مفاداتی کرداروں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیا ہے۔اب پاکستان میں نظریے اور عقیدے کی سیاست فروغ پذیر ہوگی،یہ ضمنی انتخاب پہلا معرکہ ہے جس میں تحریک انصاف کی واضح کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان جاگ اٹھا ہے اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا یہ مطالبہ بالکل درست اور بروقت ہے کہ قومی اسمبلی تحلیل کر کے عام انتخابات کا اعلان کیا جائے۔پاکستان کے موجودہ معاشی اور سیاسی مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں،نئے انتخاب کے مطالبے کو پورے پاکستان کے عوام کی مکمل تائید وحمایت حاصل ہے۔پاکستان کے 24کروڑ عوام کو نئے مینڈیٹ کے تحت حق حکمرانی ملنا چاہیے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے تمام نومنتخب ممبران صوبائی اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے نومنتخب ممبران اسمبلی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے موقف کا اسبملی کے اندر بھرپور انداز میں تحفظ کریں گے اور تحریک انصاف کے بیانیے کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
عوام کی جانب سے ملنے والے مینڈیٹ کا تقاضا ہے کہ تحریک انصاف پنجاب میں حکومت سازی کر کے اقتدار حقیقی نمائندوں کے سپرد کرکے عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے اور اپنے منشور اور انتخابی وعدوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے اپنا کردارا دا کرے۔پنجاب کا ضمنی انتخاب پاکستان کی سیاست کا ٹیسٹ کیس تھا جس میں عوام نے اپنا وزن تحریک انصا ف کے پلڑے میں ڈالا،یہ فتح دراصل جمہوریت کی فتح ہے جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہا کہ ضمنی انتخاب میں کامیاب سے ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف اس وقت پاکستان کی سب سے مقبول اور سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جسے پاکستان کے 22کروڑ عوام کی حمایت حاصل ہے اور پاکستان کے 22کروڑ عوام کا مطالبہ ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔یہ اعلان جتنا جلدی ہوگا پاکستان اتنا جلدی مسائل کی دلدل سے نکل جائے گا۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخاب میں کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان نے بھی تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے،کامیاب ہونے والے امیدواروں کی فتح میں کشمیری ووٹرز کا کلیدی کردار ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔وقت نے ثابت کیا ہے کہ تحریک انصاف اب نظریاتی سیاسی جماعت ہے جس بھی امیدوار کو بلے کا انتخابی نشان ملتا ہے۔ کامیابی اس کے قدم چومتی ہے۔یقیناً یہ مقبولیت کا گراف اب مزید بلند ہوگا،ملکی اور بین الاقوامی میڈیا نے تحریک انصاف کی جدوجہد اور چیئرمین عمران خان کے بیانیے کو عوامی جذبات،احساسات کا عکاس بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں