مظفرآباد (پی آئی ڈی) ترجمان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کے لیے ضروری ہے کہ امیدوار جس کونسل سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہے اس میں اس کا ووٹ درج ہو۔ ممبر ضلع کونسل کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کا ضلع کونسل کی کسی بھی یونین کونسل میں نام بطور ووٹر درج ہے تو وہ اس ضلع کی کسی بھی یونین کونسل سے الیکشن لڑ سکتا ہے۔
اسی طرح یونین کونسل سے اگر کوئی شخض ممبر یونین کونسل کا الیکشن لڑنا چاہتا ہے تو اس یونین کونسل کی کسی بھی وارڈ میں اسکا نام بطور ووٹر درج ہونا ضروری ہے، یہی اصول ٹاون کمیٹی، میونسپل کمیٹی اور میونسپل کارپوریشن پر بھی لاگو ہوگا کہ امیدوار کا نام ٹاون کمیٹی، میونسپل کمیٹی یا میونسپل کارپوریشن کی کسی بھی وارڈ میں بطور ووٹر درج ہے تو وہ وہاں سے بطور ممبر ٹاون کمیٹی،میونسپل کارپوریشن یا میونسپل کمیٹی کے لیے الیکشن میں حصہ لے سکتا ہے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ایک بیان میں واضح کیا کہ اگر کوئی شخص ٹاون کمیٹی /میونسپل کمیٹی یا میونسپل کارپوریشن میں درج ہے تو وہ ممبر یونین کونسل کے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا، ممبر یونین کونسل کے لیے اپنی متعلقہ یونین کونسل سے ہی الیکشن میں حصہ لیا جا سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ امیدوار جس وارڈ، یونین کونسل، ٹاون کمیٹی، یا میونسپل کارپوریشن سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہے اسکا تجویز کنندہ اور تائید کنندہ اسی وارڈ کا ووٹر ہونا ضروری ہے تاہم امیدوار ایک یونین کونسل میں ایک سے زائد وارڈز سے بھی الیکشن میں حصہ لے سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہر وہ شخص بلدیاتی الیکشن میں بطور امیدوار حصہ لے سکتا ہے جس کی تعلیمی قابلیت میٹرک ہو اوراسکی عمر 25 سال یا اس سے زائد ہو جبکہ ہر وہ شخص حق رائے دہی استعمال کر سکتا ہے جس کا نام ووٹر فہرست میں درج ہو اوراسکی عمر 18 سال ہو۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ وضاحت 16جولائی کو بلدیاتی الیکشن بارے شائع ہونے والی خبر پر عوام کی جانب سے پیدا ہونے والا ابہام دور کرنے کیلیے جاری کی گئی ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں