صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی جاپانی سفارتخانے آمد، سابق وزیر اعظم ابے شنزو کی ناگہانی موت پر اظہار تعزیت

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی اسلام آباد میں جاپان کے سفارتخانے آمد۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جاپان کے سابق وزیر اعظم ابے شنزو (Abe Shinzo) کی ناگہانی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر انہوں نے تعزیتی کتاب میں جاپان کے سابق وزیر اعظم ابے شنزو (Abe Shinzo) کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایک طویل عرصہ تک جاپان کے وزیراعظم رہے اور اُن کی جاپان کے عوام اور اپنے ملک کے لئے خدمات جہاں قابل تحسین ہیں وہاں پر دنیا میں گلوبلائزیشن کو فروغ دینے میں بھی اُن کا اہم کردار رہا اُن کی دنیا میں قیام امن کے لئے کاوشیں قابل ستائش اور قابل تقلید ہیں۔ اُن کی وفات سے جاپان ایک بڑے لیڈر سے محروم ہو گیا ہے میں اس موقع پر جاپان کی حکومت اور عوام سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہارکرتا ہوں۔ اس سے قبل جب صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اسلام آباد میں جاپان کے سفارتخانے پہنچے تو سفارتخانے کے اعلیٰ عہدیداران نے اُن کا استقبال کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں