اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے نوسیری کے مقام پر بارات میں شامل کار حادثہ میں ہلاکتوں پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے مشکل پہاڑی علاقوں میں بنائی جانیوالی سڑکوں کے ساتھ روڈ سیفٹی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
روزانہ ٹریفک حادثات میں روڈ سیفٹی نہ ہونے کے باعث حادثات میں انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک امر ہے۔ محکمہ شاہرات کو تمام سڑکوں کے ساتھ سیفٹی وال کا اہتمام کرنے کیلئے منصوبہ تشکیل دے اور اس پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ شدید موسمی حالات میں جبکہ بارشوں کی وجہ سے سڑکوں کے کچے کنارے پھسلن اور سلائیڈنگ کا باعث ثابت ہورہے ہیں۔ اصولی طور پر موسم برسات سے پہلے ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات اٹھائے جانے چاہیے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وادی نیلم کی طرف سفر کرنے والے مسافر سفر سے پہلے اپنی گاڑیوں کی فٹنس دیکھ لیا کریں اور پہاڑی علاقے میں رفتار کی حد بھی مدنظر رہنی چاہیے۔ تیز رفتاری کے باعث ہونے والے حادثات میں زیادہ نقصان کا خدشہ ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے چیف سیکرٹری کو ہدایات جاری کیں کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں ان کے لواحقین تک پہنچانے کا اہتمام کیا جائے اور زخمیوں کو طبعی امداد فراہم کی جائے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں