ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے قربانیاں دینے والے بھائیوں، بہنوں بچوں کو نہیں بھولے، معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری رفیق نیئر کا عیدالاضحی پر پیغام

مظفرآباد (پی آئی ڈی)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کے معاون خصوصی برائے اطلاعات محمد رفیق نیئر نے کہا ہے کہ اللہ تبارک تعالیٰ کے جلیل القدر پیغمبر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو رضائے الہٰی کیلئے قربان کر دینے کا جو عملی نمونہ پیش کیا اس کی نظیر دنیا کی کسی تہذیب یا تاریخ میں نہیں ملتی۔ عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں معاون خصوصی محمد رفیق نیئر نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی حیات مبارک اور بیٹے کی بے مثال قربانی سے ہمیں دو انتہائی اہم اورقابل تقلید درس ملتے ہیں۔

یہی درس اسلام کی اصل روح ہیں۔ اول یہ کہ انسان اللہ تعالیٰ پر پختہ ایمان لے آتا ہے تو وہ آتش نمرود میں بھی بے خطر کود پڑتا ہے اور دوسرا یہ کہ اس کی رضا کیلئے اپنی متاع عزیز کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرتا ۔یہی وجہ کہ قربانی کا بے مثال واقعہ اسلام کے فلسفہ میں ایک ایسی روح پھونک گیا ہے کہ آگے چل کر دین اسلام کی بنیاد بن گیا اور مسلمانون نے حق کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں اور شہادت کے درجے پر فائز ہو ئے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے قربانیاں دینے والے بھائیوں، بہنوں، ماؤں، بیٹیوں، بچوں کی قربانیوں کو نہیں بھولے، شہداء کامقدس لہو ضرور رنگ لائے گا، ہماری حقیقی عید اس دن ہوگی جب شہ رگ دشمن کے قبضہ سے آزاد ہوگی اور ہمارے کشمیری بھائی ہمارے ساتھ ہونگے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا لاکھوں مسلمانوں نے اس سال بھی بیت اللہ شریف میں فریضہ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس فریضے کی ادائیگی کیلئے دنیا کے گوشے گوشے سے خدا کے گھر میں جمع ہو کر اسلامی، اتحاد، اخووت اور یگانگت کا جو مظاہر ہ کرتی ہے یہی در اصل اسلام کی اصل خوبصورتی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close