مظفرآباد(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ برہان وانی شہید نے قربانی دے کر تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی۔ شہید برہان وانی کا مشن جاری و ساری رہے گا۔شہید برہان وانی کی یوم شہادت کو یوم عزم آزادی کے نام سے منا رہے ہیں۔ بھارتی جبر و استبداد سے آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔کشمیر کا بچہ بچہ برہان وانی کو اپنا ہیرو سمجھتا ہے۔
برہان وانی شہید مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف مزاحمت کی ایک ایسی علامت ہیں کہ جس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مقبوضہ کشمیرکی پڑھی لکھی نوجوان نسل میں جدوجہد کی ایک نئی روح پھونکی ہے۔برہان مظفر وانی شہید کے یوم شہادت پر اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ برہان وانی کا یوم شہادت دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت اور کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رہا تو پھر دنیا میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کے نظریے پر عمل پیراہندوستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے جبکہ ہندوستان میں رہنے والے مسلمان اور دیگر اقلیتیں بھی ہندوتوا کے شر سے محفوظ نہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ برہان وانی کی جرات و بہادری کو کشمیری عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔کشمیر کی تاریخ میں برہان وانی کوجرات اور مزاحمت کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو روک نہیں سکتی۔بھارت اپنی فوجی طاقت کے ذریعے بہادر کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو نہ دبا سکا اور نا ہی دبا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا ہے۔یورپی یونین کے مقبوضہ جموں کشمیر کے دورے کے بعد جی ٹونٹی اجلاس بھارت کا بھونڈا مذاق ہے۔جی 20 ممالک بھارت کے مقبوضہ جموں کشمیر میں اجلاس کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
پانچ اگست 2019 کے بعدمقبوضہ کشمیر عملاً فوجی چھاونی بنا ہوا ہے جہاں شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب ہیں اور آئے روز معصوم کشمیری بھارت کی قابض فورسز کے ہاتھوں شہید ہو رہے ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر کی حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا ہے۔ بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے جو مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی میں مصروف ہے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم رکوانے کے لیے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم تمام حدیں پار کر چکے۔ مقبوضہ کشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی مرکز بن چکا ہے۔ وہاں 9 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں چھ ہزار سے زائد گمنام قبریں دریافت ہو چکی ہیں، آئے روز معصوم کشمیری عوام کو بھارتی قابض فورسز شہید کر دیتی ہیں، عورتوں کی عصمت دری کی جاتی ہے، کشمیریوں کے دلوں سے جذبہ حریت کو ختم کرنے کے لیے ہندوستان کی انتہاء پسند حکومت اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لیے انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔ پانچ اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی بنیادی حقوق سلب ہیں اور پانچ اگست کے غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدام کے بعد ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے لیے 42 لاکھ سے زائد ہندووں کو جعلی ڈومیسائل جاری کر چکا ہے تاکہ مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلا جا سکے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں