آزاد کشمیر الیکشن کمیشن، بلدیاتی انتخابات کے لیے ریوائزڈ شیڈول کی منظوری دے دی گئی

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ریوائزڈ پولنگ سکیم / شیڈول کی منظوری دیدی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سینئر رکن الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز اور رکن الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے شرکت کی۔

بوجہ تعطیلات عیدالاضحی و سالانہ تعطیلات جوڈیشل افسران آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ریوائزڈ پولنگ سکیم کی منظوری دی گئی۔ ریوائزڈ پولنگ سکیم کے شیڈول کے مطابق 14جولائی سے19جولائی2022تک ریٹرننگ افسران کی جانب سے پولنگ سکیم کی تیاری و موصولہ تجاویز و اعتراضات کی روشنی میں مسودہ پولنگ کی سکیم کی تیاری کی جائیگی اور20جولائی کو ابتدائی پولنگ سکیم کے مسودے کی اشاعت کی جائیگی۔ 20سے23جولائی تک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے پاس پولنگ سکیم کے خلاف اعتراضات / اپیلز دائر کی جا سکیں گی جبکہ 21جولائی سے 25جولائی تک ان اعتراضات / اپیلوں کی سماعت اور فیصلہ جات کیے جائیں گی۔ 26جولائی سے30تک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے فیصلہ کے خلاف الیکشن کمیشن کے پاس اپیلیں دائر کی جا سکیں گی اوران کی سماعت اور فیصلہ جات کیے جائیں گے۔ 31جولائی سے02اگست تک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران الیکشن کیشن کے فیصلہ جات کی روشنی میں حتمی مسودہ کی تیار ی کی جائیگی جبکہ 04 اگست 2022کو حتمی پولنگ سکیم کی اشاعت کی جائیگی۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا ے کہاکہ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنا کام مکمل کر لیا ہے۔ اس سلسلہ میں پولنگ سکیم بھی جاری کر دی گئی ہے۔

حکومت سے مشاورت کے بعد بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے حوالہ سے مشاورت کیلئے حکومت آزادکشمیرکو تحریک کی جاچکی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران جوڈیشل افسران بطور ریٹرننگ افسر فرائض انجام دیں گے جبکہ انتظامی افسران انکی معاونت کریں گے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بطورڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، سول ججز و ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بطور ریٹرننگ افسر اور تحصیلدارن و نائب تحصیلداران کو بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسرتعینات کر دیاگیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنا کام مکمل کر لیا لیکن حکومت آزادکشمیر کی جانب سے ابھی تک فنڈز نہیں ملے۔ گزشتہ مالی سال میں جزوی فنڈز رکھے گئے تھے لیکن رواں مالی سال میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے کسی قسم کے فنڈز نہیں رکھے گئے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں وزیراعظم آزادکشمیر کے ساتھ الیکشن کمیشن کی میٹنگ کے دوران بلدیاتی انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی سمیت مجوزہ قانون سازی اور دیگر ضروریات کوپوراکرنے کیلئے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا گیا تھا جس پر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں