مظفرآباد (آئی اے اعوان) پاسبان حریت جموں وکشمیر کی نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی طرف 7855 مہاجر خاندانوں کے ماہانہ گزارہ الاؤنس میں 1500 روپے فی کس اضافہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے مہاجرین کی آباد کاری کیلئے 3 ارب 10 کروڑ کے فنڈز فراہم کر کے مہاجرین کے دل جیت لیے ہیں ۔حکومت نے مہاجرین کے دیرینہ مسائل کے حل کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے ۔
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی , محمد اقبال اعوان, چوہدری محمد مشتاق, اقبال یاسین اعوان, بلال احمد فاروقی, چوہدری محمد اسماعیل اور عثمان علی ہاشم نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر سردار تنویر الیاس کی جانب سے قانون ساز اسمبلی میں سالانہ بجٹ تقریر میں مہاجرین 1989 کے ماہانہ گزارہ الاؤنس میں فی کس 1500 روپے اضافے کے اعلان کو مہاجرین کشمیر کے 7855 خاندانوں کیلئے بروقت مدد اور بہترین اقدام قرار دیا انکا کہنا ہے کی وزیراعظم سراد تنویر الیاس نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے سرگرم رہنے والے مہاجرین کی حوصلہ افزائی کرکے بیس کیمپ حکومت کی زمہ داری کو حقیقی معنوں میں پورا کیا ہے۔ آزاد کشمیر کی مہاجرین بستیوں اور مختلف شہروں میں کرایوں کے مکانات میں رہائش پذیر شہداء کے خاندانوں, یتیموں, بیواؤں اور غریب مہاجر خاندانوں کیلئے یہ انتہائی خوشگوار اعلان ہے وزیراعظم نے فی کس 1500 روپے ماہانہ گزارہ الاؤنس میں اضافہ کرکے سینکڑوں خاندان فاقہ کشی سے بچالیا ہے جن کیلئے تعلیم, صحت , مکانات کے کرائے اور زندگی کی ضروریات کو پورا کرنا ناممکن ہوگیا تھا ان ناگفتہ بہ حالات میں گزارہ الاؤنس میں اضافے سے مہاجرین کی زندگیوں میں یقینی طور پر بہتری اور سہولت پیدا ہوگی۔ انکا کہنا تھا کے وزیراعظم آزاد کشمیر طرف سےگزارہ الاؤنس میں اضافے کا اعلان مرجھائے ہوئے چہروں پر شبنم کے قطروں کی برسات ثابت ہوگی ۔
مہاجرین رہنماؤں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ بے گھر مہاجرین کی آباد کاری, سرکاری ملازمتوں میں %6 کوٹہ پر عملدرآمد, مہاجرین بستیوں میں بنیادی انسانی ضروریات پینے کے صاف پانی, تعلیم, صحت کی سہولیات کو فراہم کرنے کے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے بھی مہاجرین 89 کو پختہ اور پائیدار گھر فراہم کرنے کیلئے تین ارب دس کروڑ روپے فراہم کرکے لاچار کشمیری مہاجرین کی مدد کرنے کا قابل تعریف اقدام اٹھایا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ مرحلہ وار ہی سہی لیکن بھارتی ظلم اور بربریت کا شکار مہاجرین کو رہنے کیلئے مناسب گھر جلد فراہم کیئے جانے چاہئیں ۔ وفاقی حکومت کے اقدام پر مہاجرین 1989 نے وزیراعظم پاکستان جناب شہباز شریف وفاقی کابینہ سمیت مشیر برائے کشمیر وزیراعظم پاکستان جناب قمرزمان کائرہ, سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان, قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر, چیف سیکرٹری آزاد جموں کشمیر محمد عثمان چاچڑ, وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد, وزیر خزانہ عبدالماجد خان, وزیر بحالیات چوہدری اکبر ابراہیم, سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو لیاقت حسین اور کمشنر بحالیات چوہدری محمد فرید کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مہاجرین 1989 کی تکالیف اور مصائب کو محسوس کرتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ مہاجرین رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ 44037 مہاجرین کو وہ تمام سیاسی, سماجی اور شہری حقوق فراہم کیئے جائیں گے جس کیلئے وہ پچھلے کئی سالوں سے مطالبات کرتے آ رہے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں