آزاد کشمیر اسمبلی، نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری آج دی جائے گی،اپوزیشن کی طرف سے احتجاجی دھرنا اور بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی آج مالی سال 2022/23 کیلئے 1 کھرب 63 ارب ارب 70 کروڑ کے بجٹ کی منظوری دے گی اپوزیشن اور حکومت کے درمیان بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ سے متعلق ڈیڈ لاک ختم نہ ہوسکا متحدہ اپوزیشن اور حکومتی وزراء کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی نتیجہ خیز ثابت نہ سکے اپوزیشن کی جانب سے احتجاجی دھرنا اور بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان۔

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان سردار تنویر الیاس آج مالی سال 2022/23 کے تخمینہ میزانیہ پر بحث کو سمیٹیں گے۔ متحدہ اپوزیشن نے حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے اپوزیشن اراکین اسمبلی کو حکومتی اراکین کے برابر ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے اور اسمبلی کے قواعد انضباط کار میں کی گئی ترامیم کو واپس نہ کرنے کے خلاف احتجاجی دھرنا اور بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ بدھ کے روز اپوزیشن کی جانب سے اسمبلی ہال کو تالے لگا کر حکومتی اراکین کو اجلاس کی کارروائی جاری رکھنے سے روکنے اور ایوان کی بجلی بند کرنے کے نتیجہ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی بدستور قائم ہے۔ آج کے بجٹ اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تصادم کے خدشہ کے پیش نظر سیکورٹی سخت کر دی گئی۔ آزاد کشمیر حکومت نے بھی اپوزیشن کی طرف سے بجٹ کی منظوری میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے یہ دعویٰ کیا ہے اپوزیشن کچھ بھی کر لے حکومت بڑی آسانی سے بجٹ منظور کرانے میں کامیاب ہوجائے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close