رضاکار تحریکیں کسی بھی معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کرتی ہیں، صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

مظفر آباد(پی این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ رضاکار تحریکیں کسی بھی معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ کسی بھی ناگہانی یا ایمرجنسی کی صورتحال میں رضاکار لوگوں کو مدد فراہم کرنے میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں اسکاؤٹس بھی ایک اہم رول ادا کرتے ہیں اور پوری دنیا میں 6کروڑ سے زیادہ اسکاؤٹس موجود ہیں۔

جب میں وزیر اعظم تھا تو میں نے اپنے دور حکومت میں اسکاؤٹس کے لئے ایکٹ پاس کروایا تھا اور میں خود بھی سکول کے زمانے میں اسکاؤٹ رہا ہوں لہذا میں اسکاؤٹس کے کردار کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہوں اور ویسے بھی آزادکشمیر چونکہ آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں لائن آف کنٹرول اور موسمی حالات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے اسکاؤٹس تحریک ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ لہذا آپ لوگ پوری لگن اور جذبے سے آگے بڑھیں۔ اس سلسلے میں حکومت سے جو بھی ممکن ہوا آپ کی مدد کے لئے کہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں دارالحکومت مظفرآباد میں تیسری اسکاؤٹس ٹریننگ اینڈ یوتھ پروگرام کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کانفرنس سے وزیر ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی،پرنسپل پائلٹ ہائی اسکول مظفرآباد انوارالحق، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن رزاق احمد ندیم، چیف اسکاؤٹس کمشنر سرفراز قمر ڈھا، پروفیسر توقیر الاسلام پرنسپل کیڈٹ کالج بٹراسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آزادکشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں پر ہمیں ہر طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا چاہیے بالخصوص اسکاؤٹس اس طرح کی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے اپنے آپ کو تیار رکھیں تاکہ ہنگامی حالات میں لوگوں کو جلد اور فوری امداد میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت ایک سنگین صورتحال ہے اور میں حال ہی میں بین الاقوامی دورے سے واپس آیا ہوں اور میرے دورے سے بھارت دفاعی پوزیشن پر آگیا ہے اور میں نے بھارت کی ریشہ دوانیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔ لہذا آزادی کے بیس کیمپ سے اسکاؤٹس تحریک لوگوں کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار رہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہماری تیاری ہر وقت مکمل ہونی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں