وادی نیلم میں بارشوں اور برفباری نے تباہی پھیلا دی، ہزاروں بھیڑ بکریاں لاپتہ، 700 کے مرنے کی تصدیق، 6 بکروالوں کو ریسکیو کر لیا گیا

مظفرآباد (آئی اے اعوان) وادی نیلم میں حالیہ بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری نےتباہی پھیلا دی ہے۔نوری ٹاپ ،پتلیاں ،رتی گلی، بابون اور سرگن ویلی میں کئی مقامات پر متعدد بکروالوں سمیت ہزاروں بھیڑ بکریاں لاپتہ ہوگئیں جبکہ 700 سے زائد مر گئیں ۔

نوری ناڑ ٹاپ کے قریب برف میں پھنسے6 بکروالوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ بکروالوں اور علاقہ مکینوں نے لاپتہ ہونے والے بکروالوں اور بھیڑ بکریوں کی تلاش کا سلسلہ تیز کردیاہے۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق ایس ڈی ای اے نیلم نے ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 ،مقامی پولیس ،محکمہ امور حیوانات اور رضاکاروں پر مشتمل ریسکیو ٹیم نے نوری ناڑ ٹاپ کے قریب برف میں پھنسے 6 بکروالوں کو ریسکیو کرے محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔ ریسکیو ٹیم نے سرگن ویلی اور نوری ناڑ ٹاپ پر متاثرین میں خوراک ، بنیادی ادویات اور خشک میوہ جات تقسیم کرنے کے علاوہ بیمار مریضوں کو بنیادی طبی امداد بھی فراہم کی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق 10 سے 12 بکروالوں کی پانچ سو سے زائد بھیڑ بکریاں ہلاک ہوئی جبکہ متعدد زخمی بھی ہیں ۔ برف باری کے نتیجے میں12 خاندانوں کے رہائشی ٹینٹ بھی تباہ ہو گئے ۔وادی نیلم کے دیگر علاقوں سے ملنےوالی اطلاع کے مطابق لوات بالا، پتلیاں، رتی گلی اور بابون میں بھی 200 سے زائد بکریاں ہلاک ہو ئی ہیں جبکہ ہزروں بھیڑ بکریوں کے لا پتہ ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق علاقہ مکینوں کے مال مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بکروالوں اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ برفانی تودوں کے زد میں آنے والی بھیڑ بکریوں کے اب زندہ بچ جانے کے امکانات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کم ہو رہے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close