برطانوی وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور بربریت رکوانے، یاسین ملک کی رہائی اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، صدر آزاد جموں و کشمیر کا مطالبہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی)صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے لندن میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ہمراہ برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ 10ڈاؤننگ اسٹریٹ میں برطانوی وزیراعظم کو کشمیری عوام کے حق خود ارادیت، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی، بالخصوص یاسین ملک کی رہائی کے سلسلہ میں ایک یاداشت پیش کر دی ہے اس یاداشت میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن (Boris Johnson) سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانیہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور بربریت رکوانے، یاسین ملک کی رہائی اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ وفد میں برطانوی ہاؤس آف لارڈ کی رکن لارڈ قربان حسین، ممبر برطانوی پارلیمنٹ مرزا خالد محمود، ممبر برطانوی پارلیمنٹ عمران حسین، ممبر برطانوی پارلیمنٹ راجہ یاسین، ممبر برطانوی پارلیمنٹ جیس فلپس (Jess Phillips)، ممبر برطانوی پارلیمنٹ پال برسٹو (Paul Bristow) بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر 10ڈاؤننگ اسٹریٹ میں برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ پر یاداشت پیش کرنے کے بعد صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بعد ازاں مقامی اور انٹر نیشنل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ نے بھی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعلان کر دیا جبکہ آج ہم نے یہاں 10ڈاؤننگ اسٹریٹ میں برطانوی وزیراعظم کو بھی اس سلسلے میں ایک یاداشت پیش کر دی ہے اور ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کی آواز دنیا کے ایوانوں اور ہر فورم تک پہنچانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت ختم ہو، برطانوی حکومت کی یہ زیادہ ذمہ داری ہے کیوں کہ مسئلہ کشمیر اس وقت پیدا ہوا تھا جب برطانیہ اپنے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد تقسیم بر صغیر کے موقع پر یہاں سے گیا تھا۔

لہذا برطانیہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ میں نے اپنے دورے کے دوران یہاں کی مختلف کونسلز، برطانوی پارلیمنٹ اور اب یہاں برطانوی وزیراعظم تک بھی کشمیری عوام کا مقدمہ پیش کر دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے اپنا کردار ادا کریں۔ بعد ازاں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے لندن میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل گریٹر لندن کے صدر چوہدری دلپذیر اور دیگر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے دورے کے دوران مختلف فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حل، کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے، مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور یاسین ملک کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنے کی بنیاد رکھ دی ہے اب یہ آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ آپ اس سلسلے میں یہاں پر ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز انٹر نیشنل کمیونٹی تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر استقبالیہ میں لوشم کے میئر توصیف انور اور والتھم سٹو کے ڈپٹی لیڈر راجہ احسن خان بھی شریک تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close