مظفرآباد (پی این آئی) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے ساتھرا پارک میں زیتون کی پیداوار کے حوالے سے محکمہ زراعت اور ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت محکمہ زراعت 118 کنال رقبے پر 2 ہزار زیتون کے پودے لگا ئے گا جبکہ انکی حفاظت ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کرے گا۔
مظفرآباد میں منعقدہ ایک سادہ مگر پر وقار تقریب کے دوران وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد اور وزیر زراعت سردار میر اکبر کی موجودگی میں سیکرٹری زراعت و لائیوسٹاک ارشاد قریشی اور ترقیاتی ادارہ مظفرآبادکے چیئرمین اظہر گیلانی نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے اس موقع پر ناظم اعلیٰ زراعت طارق محمود بانڈے اور دونوں محکمہ جات کے آفیسران نے شرکت کی۔ زیتون کی تجارتی بنیادوں پر پیداوار سے متعلق وفاقی حکومت کے تعاون سے چلنے والے ترقیاتی منصوبہ کے تحت دارالحکومت مظفرآباد میں ساتھرا پارک کے مقام پر ترقیاتی ادارہ اور محکمہ زراعت کے باہمی تعاون سے زیتون کے 2,000 پودوں کی نصب و نگہداشت کے حوالہ سے منصوبہ کی سائنٹفک آفیسر ڈاکٹر سلمیٰ انجم نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر زراعت و لائیوسٹاک سردار میر اکبر خان کا کہا کہ اس طرح کے منصوبہ سے لوگوں کو زیتون کی کاشت کی جانب رغبت ملے گی۔ محکمہ زراعت اور ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد اپنی اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے سرانجام دے کر اس منصوبہ کو مثالی اور کامیاب بنائیں۔ وزیر حکومت نے مزید کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ مہنگائی اور بے روزگاری سے نبردآزما ہونے کیلئے انتہائی ضروری ہے جس کیلئے محکمہ زراعت کے آفیسران کو پہلے سے زیادہ محنت اور کوشش کرنا ہوگی۔ وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ محکمہ زراعت ارشاد احمد قریشی، سیکرٹری زراعت، لائیوسٹاک و آبپاشی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ریاست کو زرعی ترقی کی جانب گامزن کرے۔
انہوں نے کہا کہ ساتھرا پارک میں زتیون کی کاشت محکمہ زراعت اور ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کا ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے نہ صرف ماحول میں بہتری آئے گی بلکہ دارالحکومت کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ سیکرٹری زراعت ولائیوسٹاک ارشاد احمد قریشی نے کہا کہ ساتھرا پارک میں 118 کنال رقبہ پرزیتون کے 2,000 پودے نصب کئے جائیں گے جن کی فراہمی و تنصیب محکمہ زراعت کی ذمہ داری ہوگی۔ جبکہ نگہداشت کی تمام تر ذمہ داری ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کی ہوگی۔ محکمہ زراعت وقتاً فوقتاً پودوں کو بیماریوں اور کیڑوں کے حملہ سے بچانے کے اقدامات کرے گا۔ سیکرٹری زراعت نے وزراء حکومت کا شکریہ ادا کیا اور زرعی ترقی کیلئے کاوشوں کو مزید تیز کرنے کا عندیہ دیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں