ہر وہ کام کریں گے جو ریاست اور ریاست کے عوام کے لیے بہتر ہو

مظفرآباد(پی آئی ڈی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہر وہ کام کریں گے جو ریاست اور ریاست کے عوام کے لیے بہتر ہو، صحت اور تعلیم و انفراسٹرکچر کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت اپنے اخراجات کم کریگی۔ کفایت شعاری کی پالیسی کو اپناتے ہوئے عوامی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔

آمدہ بجٹ میں عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنے اور انفراسٹرکچر کی بہتری، سیاحت کے فروغ اور ہائیڈل سمیت آزاد کشمیر میں مختلف سیکٹرز میں موجود پوٹینشل کو بروئے کار لا کر ریاست کی آمدن بڑھانے پر فوکس کیا جائے گا۔ آمدہ بجٹ عوام دوست ہو گا جس سے ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ سرمایہ کاروں کو آزادکشمیر لانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، حکومت آزادکشمیر سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں وزراء سیکریٹریز اور تحریک انصاف آزادکشمیر کے رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہا کہ آزادخطہ کی تیز رفتار ترقی اور گڈ گورننس کا قیام حکومت کی ترجیح ہے، کوئی ذاتی پسند ناپسند نہیں۔گڈ گورننس کے نفاذ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ آمدہ بجٹ میں عوام کے مسائل اور ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی کیلئے آمدہ بجٹ میں خصوصی فنڈز رکھیں گے۔ ایسے منصوبے لگائے جائیں گے جن سے ریاست کی آمدن میں اضافہ ہو، عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو اور اسے مقامی سطح پر روزگار کی سہولت میسر آئے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی فنڈز رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ غیر ضروری اخراجات پر کنٹرول کرنے کے لیے آزاد کشمیر کے تمام اداروں میں متفرق اخراجات کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ میں توازن بھی پید اکیا جا رہا ہے،اپنے وسائل سے آزادکشمیر کے اندر عوامی سہولت کے ایسے اداروں کے قیام کی تجویز پر کام ہورہا ہے جو روزگار کے مواقع پید ا کرنے میں معاون ثابت ہوں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں 20 ہزار سے زائد میگا واٹ کے ہائیڈل پراجیکٹس کی فزیبلٹی مکمل ہے۔ بیرونی سرمایہ کاروں کو آزادکشمیر میں ہائیڈرل کے شعبہ میں محفوظ سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جائے گا۔ آزادکشمیر میں سرمایہ کاروں کو لانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے پہلے بجٹ میں جاریہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی سمیت سیاحت، تعلیم،صحت اور روزگار کے مواقعے پیدا کرنے پر فوکس کر رہی۔ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت انقلابی اقدامات اٹھائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close