آزادکشمیر کے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال سے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے وفد کی ملاقات،صحافیوں کے مسائل اور دیگرمعاملات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی)آزادکشمیر کے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال سے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے وفد کی ملاقات،وفد کی قیادت صدر غازی ملت پریس کلب سردار راشد نذیر نے کی جبکہ وفد میں سابق صدرورسردار عابد صدیق،سردار عبدالرزاق، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ساجد محمود انورشامل تھے۔

ملاقات میں ضلع پونچھ کے صحافیوں کے لیے جرنلسٹس کالونی کے قیام، پریس کلبوں کے ساتھ رابطہ کاری کو بہتر بنانے، پونچھ ڈویژن کے اشتہارات کے لیے بجٹ میں الگ رقم مختص کروانے،صحافیوں کی سفری ضروریات اور کوریج کے لیے ہائی ایس وین کی فراہمی اور محکمہ اطلاعات کے ڈویژنل وضلعی دفاتر کو فعال بنانے کے معاملات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے صحافیوں کے تمام مطالبات کو اصولی قرار دیتے ہوئے ان کے حل اور ایک ہفتہ میں پونچھ کا دورہ کرنے کی یقینی دہانی کروائی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پونچھ ڈویژن کے صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ صحافی ہمارے معاشرے کا اہم جزو ہیں۔ جنہوں نے ہمیشہ معاشرے کی اصلاح و احوال کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پونچھ ڈویژن کے صحافیوں کا کردار ہمیشہ ناقابل فراموش رہا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے۔ پونچھ ڈویژن کے صحافیوں کے مطالبات حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ایک ہفتہ کے اندر پونچھ ڈویژن کا دورہ کر کے تما م مطالبات کا موقع پر بھی جائزہ لوں گا تاکہ ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پونچھ کے صحافیوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ اطلاعات اقدامات کرے گا تاکہ صحافیوں کو رہائش کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ محکمہ اطلاعات پونچھ ڈویژن کے صحافیوں کے ساتھ رابطہ کاری کو مزید بہتر بنائے گا تاکہ صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور غیرترقیاتی میزانیہ کے اشتہارات کے حوالہ سے پالیسی کا ازسر نو جائزہ لے کر راولاکوٹ ڈویژن کو بھی دیگر ڈویژن کی طرح اشتہارات کی اجرائیگی عمل میں لائی جائے گی۔ پونچھ ڈویژن کے صحافیوں کو کوریج کے لیے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے بھی محکمہ اطلاعات اقدامات اٹھائے گا تاکہ انہیں فیلڈ میں جا کر کوریج کرنے کے لیے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر غازی ملت پریس کلب کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کا شکریہ ادا کیا اور ماضی کی طرح آئندہ بھی محکمہ اطلاعات کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close