دارالحکومت مظفرآباد کو عالمی طرز کاشہر بنانے کے لئے ٹریفک مینجمنٹ پلان پر کام کا آغاز کردیا گیا

مظفرآباد(پی این آئی)انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر ڈاکٹر امیراحمد شیخ نے کہا ہے کہ دارالحکومت مظفرآباد کو عالمی طرز کاشہر بنانے کے لئے ٹریفک مینجمنٹ پلان پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے، شہر میں پارکنگ کی جگہیں مختص، پلازوں کی پارکنگ کھلوائی جارہی ہے نئی بلڈنگز میں پارکنگ نقشہ میں ہر صورت ہوگی، ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے ٹریفک پولیس کے ساتھ دارالحکومت کے تھانوں کی پولیس اور مجسٹریٹس خدمات سرانجام دیں گے ہیلمٹ لازم قرار دیا گیا ہے، غلط پارکنگ، لین کی خلاف ورزی، اوور ٹیکنگ، تیز رفتاری، بدوں ہلمٹ پر گرفتاریاں،بھاری جرمانے و گاڑیاں ضبط ہونگی۔

آئی جی امیر احمد شیخ نے کہا کہ ٹریفک ہر علاقے کا مسئلہ بنتا جارہا ہے سڑکیں کم اور تنگ ہیں اور آبادی کئی سو گنا بڑھ چکی ہے اس لئے اب ہر ڈویژنل سطح پر ٹریفک مینجمنٹ بورڈز بنائیں گے جس کے سربراہ کمشنر ہونگے، اس میں ٹریفک پولیس، ضلعی پولیس،مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ٹریفک کے حوالے سے جو بھی مشکلات ہونگی اسے تمام ادارے مل کر حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیرنے جمعہ کے دن کمیٹی روم کمشنر آفس مظفرآباد میں ٹریفک مینجمنٹ پلان کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمن نے دارالحکومت کی ٹریفک، آبادی سمیت کاروباری و دفتری سیکٹرز،ٹریفک بہاو، سیکرٹریٹ اور شہر میں ٹریفک پلان پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی طاہر محمود قریشی، ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ، ایس ایس پی محمد یاسین بیگ سمیت اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز،افسرمال وتحصیلدار مظفرآباد اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی نے کہا کہ بدوں ہیلمٹ، رانگ پارکنگ، اوور لوڈنگ، بدوں فٹنس گاڑیوں،غیر رجسٹرڈ، مشکوک گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، روزانہ کی بنیاد پر پولیس اور مجسٹریٹس کاروائی کرکے رپورٹ کریں گے،

خلاف ورزیوں پر گرفتاریاں کرکے مقدمات درج ہونگے گاڑیاں و موٹر سائیکل ضبط ہونگے،اس موقع پر کمشنر مسعودالرحمن نے دوران اجلاس جناب وزیراعظم اور جناب چیف سیکرٹری کے احکامات کے بارہ میں شرکا کو یقین دلایا کہ عوام اور سیاحوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور کسی کو خلاف ورزی پر رعایت نہیں دی جائے گی، مظفرآباد ہمارا شہر ہے دارالحکومت ہونے کے ناطے یہاں پورے آزادکشمیر بلکہ پاکستان بھر سے وفود، سیاح، اور دفتری عدالتی امور کی وجہ سے سیکڑوں لوگ روزانہ آتے ہیں اب ہمارا فرض ہے کہ ہم اسے خوبصورت اور منظم رکھیں۔شہر کے اندر چلنے والی غیر قانونی اور بدوں کاغذات گاڑیوں کے خلاف سختی سے کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلدیاتی حدود کے اندر ”پارکنگ“ ”نو پارکنگ“ اور سٹاپ / سٹینڈوغیرہ کیلئے جگہوں کا تعین اور ان کی نشاندہی کیلئے روڈ فرنیچر کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ شہرکو 04 زون ہا / سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا اور سیکرٹریٹ ایریا کے لئے الگ سے ٹریفک پلان مرتب کر دیا گیا ہے۔ غیر قانونی اڈوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔مظفرآباد شہر میں تجاوزات‘ تھڑوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ٹریفک کے نظام کو بہتر کرنے کیلئے غیرقانونی پارکنگ کو فوری ختم کیا جائے۔ شہر کے اندر تمام شاہرات کو ٹریفک کی روانی کے لیے مسلسل چیکنگ کی جائے گی۔ شہر کے اندر ٹریفک کو کنٹرول کرنا ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے تاہم مجسٹریٹ اور ایس ایچ او صاحبان بھی اس ضمن میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔روڈفرنیچر کو بہترکیا جائے گا۔ شاٹ ٹرم،میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم پلان پر عملدرآمدکیاجائے گا۔اجلاس میں سینئرآفیسران کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیض عالم، اسٹنٹ کمشنر رورل ذیشان، نثار، ایکسٹرا اسٹنٹ کمشنر خواجہ سطان، صابر نقوی تحصیلدار، اشتیاق گیلانی DSP سٹی، امیر الدین DSP ہیڈکواٹرز، ڈاکر اقبال DSP ٹریفک، راشد حبیب SHO سٹی، جاوید گوہر SHO سیکرٹریٹ، واجد علوی SHO تھانہ صدر،مبشرقریشی سٹاف آفیسر، ارسلان عباسی پی اے ہمراہ کمشنر نے بھی شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close