مظفرآباد(پی این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آئرلینڈ کی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور آئرش ممبر پارلیمنٹ جو فلہرٹی (Joe Flahirty) کے درمیان ایک خصوصی ملاقات میں کیا گیا۔ آئرش پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کے قیام کا عمل ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ جس کے ذریعے آئرش پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو جارہانہ انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور آئریشن ممبر پارلیمنٹ جو فلہرٹی (Joe Flahirty) کے درمیان یہ ملاقات آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں کو لانگفرڈ سٹی کونسل میں ہوئی۔ اس موقع پر ملاقات میں کولانگفرڈ کی لارڈ میئر پیگی نولن (Pagi Nolen) بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کولانگفرڈ سٹی کونسل پہنچنے پر لارڈ میئر پیگی نولن (Pagi Nolen)اور دیگر عہدیداران نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کولانگفرڈ سٹی کونسل کی عمارت پر آزاد کشمیر کا جھنڈا بھی لہرا دیا گیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقع ہے کہ کسی بھی سٹی کونسل کی عمارت پر کسی اور ریاست کا جھنڈا لہرایا گیا ہو۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آئرش ممبر پارلیمنٹ جو فلہرٹی(Joe Flahirty) اور کولانگفرڈ کی لارڈ میئر پیگی نولن (Pagi Nolen) کا سٹی کونسل کی عمارت پر آزاد کشمیر کا جھنڈا لہرانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میرا گزشتہ دو سال میں آئرلینڈ کا تیسرا دورہ ہے میں نے اپنے اس دورے کے دوران آئرلینڈ کی پارلیمنٹ اور دیگر اداروں میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کی ہیں اور میں یہاں کے ممبران پارلیمنٹ اور آئریش عوام کا بے حد شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے ہمیشہ بڑی محبت اور عزت دی ہے اور مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ ہمارے موقف کی حمایت اور تائید کا اعلان بھی کیا ہے جس سے میرا حوصلہ بڑھا ہے۔ بعد ازاں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آئرلینڈ کی پارلیمنٹ کا دورہ بھی کیا اور آئرش ممبران پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور یاسین ملک کو عمر قید کی سزا کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر آئرش ممبران پارلیمنٹ نے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور یاسین ملک کی سزا پر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں