آئرلینڈ کے عوام مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی دورہ آئرلینڈ کے دوران گفتگو

ڈبلن (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آئرلینڈ اور کشمیر کے مسئلے میں مماثلت ہے اور اسی وجہ سے آئرلینڈ کے عوام مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔ میرا گزشتہ دو سال میں آئر لینڈ کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ برطانیہ اگرچہ بریگزسٹ سے نکلنے کے بعد یورپی یونین سے علیحدہ ہو چکا ہے لیکن آئرلینڈ ابھی بھی یورپین یونین کا اہم اور موثر رکن ہے لہذا ٓئر لینڈ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔

حریت رہنماء یاسین ملک کی عمر قید کی سزا کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور ایسے موقع پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری بالخصوص آئرلینڈ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی بھارت کی ریشہ دوانیوں کا بھرپور جواب دیں۔ میرے آئر لینڈ کے دورے کا مقصد بھی یہی ہے کہ میں یہاں پر آئرلینڈ کی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کروں اور مسئلہ کشمیر پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف بھرپور انداز میں پیش کروں۔ اسی طرح میری یہ بھی خواہش ہے کہ آئرلینڈ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں تاکہ یہاں کے عوام اور حکومت کی توجہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر استقبالیہ تقریب کی صدارت پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کے صدر رانا عثمان اجمل نے کی جبکہ استقبالیہ تقریب سے پیر شیراز حسین، پاکستان کے آئرلینڈ میں قائمقام سفیر شاہد خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر تقریب سے اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اس فیصلہ کن موڑ پر بیرو ن ملک آباد کشمیریوں کا اہم رول ہے لہذا آئرلینڈ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اُٹھانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام اس وقت ایک مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں اور بھارت نے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں لہذا ہماری یہ ملی اور قومی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم دنیا کو بھارت کی ریشہ دوانیوں سے آگاہ کریں اور انٹرنیشنل کمیونٹی پر زور دیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ آئرلینڈ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی یہا ں کی حکومت تک کشمیری عوام کا موقف پہنچانے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔اس سے قبل جب صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری برطانیہ سے آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن پہنچے تو ائیرپورٹ پر آئرلینڈ میں مقیم کشمیریوں کی بڑی تعداد نے صدر ریاست کا شاندار استقبال کیا۔ بعد ازاں صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ڈبلن میں جس ہوٹل میں قیام پذیر ہیں وہاں پر آئرلینڈ کی حکمران جماعت کے ممبر پارلیمنٹ شین مونیہان(Shane Moynihan)نے اُن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر ریاست آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آئرلینڈ کی حکمران جماعت کے ممبر پارلیمنٹ شین مونیہان(Shane Moynihan)کوحر یت رہنما یاسین ملک کی بھارتی عدالت کی طرف سے جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا،مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں