آزادکشمیر کا مالیاتی بحران شدت اختیار کر گیا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی بھاگ دوڑ، پاکستان گریز قوتوں کو منفی پراپیگنڈہ کرنے کا موقع ملے گا

اسلام آباد (آئی اے اعوان) آزادکشمیر کا مالیاتی بحران شدت اختیار کر گیا۔ وفاقی فنانس ڈویژن کی جانب سے آزادکشمیر کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ پر کٹوتی سے آزاد خطہ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان مخالف قوتوں کو منفی پروپیگنڈہ کرنے کا موقع مل رہا ہے ۔آزادکشمیر حکومت نے حکومت پاکستان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا

وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے حکومت پاکستان کی جانب سے آزادکشمیر حکومت کے بجٹ پر کٹوتی کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے مالیاتی بحران کے خاتمے کیلئے وفاق کی سطح پر اعلیٰ سطحی رابطے تیز کر دیئے ہیں صدر پاکستان عارف علوی سے ملاقات کے بعد وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی قیادت میں حکومتی وفدنے وفاقی مشیر امور کشمیر چوہدری قمرالزمان کائرہ سے ملاقات کی۔ آزادکشمیر کے وزیر خزانہ عبدالماجد خان وزیر منصوبہ بندی وترقیات چوہدری رشید چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان پرنسپل سیکرٹری احسان خالد بھی وفد میں شامل تھے ۔مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ کو آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی عمل،لائن آف کنٹرول پر انفراسٹریکچر کی بہتری کے لیے ایل او سی پیکیج کے فنڈز اور آزادکشمیر میں وفاقی حکومت کے زیر اہتمام جاری منصوبوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آزادکشمیر حکومت کی ٹیم نے سردار تنویر الیاس کی زیر قیادت وفاقی مشیر امور کشمیر کو بتایا کہ آزادکشمیر کے ترقیاتی وغیر ترقیاتی بجٹ پر کٹوتی سے خطہ کے اندر نظام مفلوج ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔بجٹ کٹوتی کی وجہ سے آزادکشمیر حکومت کو خطہ کے اندر عوام کی فلاح وبہبود کے لیے نئے منصوبے شروع کرنے میں رکاوٹوں کا سامنا ہے جبکہ جاری منصوبے بھی غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہوگئے ہیں۔وفاقی مشیر امور کشمیر نے قمرزمان کائرہ نے آزادکشمیر حکومت کی ٹیم کی بریفنگ اور تحفظات سننے کے بعد یقین دہانی کروائی ہے کہ آزادکشمیر کی مخصوص جغرافیائی اور حساس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے آزادکشمیر کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو نہ صرف آگاہ کیا جائے گا بلکہ وہ وزیراعظم پاکستان کو آزادکشمیر حکومت کے تحفظات سے بھی آگاہ کریں گے اور کوشش کی جائے گی کہ آزادکشمیر کی مالی ضروریات پوری کی جائیں۔

آزادکشمیر کے ترقیاتی وغیر ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے صدر پاکستان عارف علوی اور دیگر مقتدر شخصیات کے ساتھ بھی ملاقاتیں کی ہیں اور مالیاتی بحران حل کرنے کے لیے ان سے مدد طلب کی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی کاوشیں کامیاب ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں،وفاقی حکومت کی اہم اور اسلام آباد کی مقتدر شخصیات نے آزادکشمیر کے مالیاتی بحران اور ترقیاتی وغیر ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ترقیاتی بجٹ پر کٹ اور وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت آزادکشمیر میں جاری منصوبوں کے فنڈز کے رکنے سے خطہ کے اندر غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے سے پاکستان گریز قوتوں کو منفی پراپیگنڈہ کرنے کا موقع ملے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close