وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات، آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی کے ارکان کو ایوان صدر بلا کر مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا

مظفرآباد (پی این آئی) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں پر ہندوستانی مظالم اور یاسین ملک کی غیر منصفانہ سزا کے خلاف موثر انداز میں آواز اٹھائیں گے۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ایوان اسلام آباد میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی اور ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا ملاقات میں بھارتی عدالت کی جانب سے آزادی پسند راہنما یاسین ملک کی غیر منصفانہ سزادینے کے فیصلے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم اور یاسین ملک کی غیر منصفانہ سزا کی مذمت کی۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف نےمقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں پرہندوستانی مظالم کے خلاف موثر انداز میں آواز اٹھانے کے لیے آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبران کو ایوان صدر بلا کر مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا صدر پاکستان نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی مشاورت سے اسمبلی ممبران و دیگر کشمیری قیادت کو مشاورت کے لیے ایوان صدر مدعو کیا جائیگا۔ملاقات میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کو وفاق کی جانب سے آزاد کشمیر کے بجٹ پر کٹوتی بارے میں بھی آگاہ کیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے صدر مملکت کو بتایا کہ بجٹ کٹوتی سے آزاد کشمیر کا ترقیاتی عمل رک جائیگا اور دیگر مسائل پیدا ہونگے۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے انٹرنیشنل کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستانی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close