مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز ہر فورم پر پہنچائی جائے گی، معاون خصوصی چوہدری رفیق نیئر کی عوامی وفود سے گفتگو

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد کشمیر کے معاون خصوصی برائے اطلاعات، سمال انڈسٹریز کارپوریشنز و ماحولیات چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کی حکومت عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے اور اسکی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کا م کر ے گی۔عمران خان کے ویژن کے مطابق نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے کے لئے پالیسیاں بنا کر ان کے اوپر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

تحریک آزادی کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے آفس چیمبر میں آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفود نے معاون خصوصی کو منصب سنبھالنے کے بعد مبارکباد دی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات، سمال انڈسٹریز کارپوریشنز و ماحولیات چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز کو ہر فورم پر بلند کرنے کے لئے بیس کیمپ کی حکومت اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔اپنے کشمیری بھائیوں کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم تک لے کر جائیں گے، مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہندوستان کا بدترین جبر ان کے پائے استقلال میں لغزش نہیں لاسکتااور وہ اپنے مقصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

چویدری محمد رفیق نیئرنے کہا کہ آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں انقلابی منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں،سیاحت اور ہائیڈرل کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھا کر ریاست سے بیروزگاری ختم کریں گے۔ چوہدری محمد رفیق نیئر سے محکمہ اطلاعات،سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور محکمہ ماحولیات کے افسران و سٹاف نے بھی ملاقات کی۔ڈائریکٹر جنرل ماحولیات سردار عدنان خورشید،ڈائریکٹر جنرل سمال انڈسٹریز قاضی عنائت علی، ڈائریکٹر ماحولیات سردار شفیق عباسی، ایڈیشنل سیکرٹری ورکس چوہدری عابد،ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا،آفیسرا طلاعات مقصود احمد نےبھی ان سے ملاقات کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close