یاسین ملک کو سزا کے خلاف صدر آزاد کشمیر کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اقوم متحدہ اپنا کردار ادا کرے

مظفرآبا د ( پی این آئی) صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیکرٹری انتونیو گتریس ے نام لکھے گئے ایک خط میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اورحریت رہنماء یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے جعلی مقدمات میں دی جانے والی غیر منصفانہ عمر قید کی سزا پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ یاسین ملک پوری دنیا میں آزادی کی علامت، جبر کے خلاف مزاحمت اور امن کی علامت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

بھارتی سرکار نے یاسین ملک کوعمر قید کی سزا دے کر کشمیری نوجوانوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ اُن کی آزادی کی جدوجہد کے لئے کوئی سیاسی اور عدم تشدد کی فضا موجود نہیں ہے۔ یاسین ملک کو یہ عمر قید کی سزا بھارت کی روایتی سوچ کی غمازی کرتی ہے جس کے تحت وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبانا چاہتا ہے۔ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خط میں مزید لکھا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جہاں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں وہاں پر مقبوضہ کشمیر کی حلقہ بندیاں بھی تبدیل کی ہیں جس سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی مرضی کا وزیر اعلیٰ لانا چاہتا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی کہ اقوام متحدہ حریت رہنماء یاسین ملک کی رہائی کے لئے فوری اقدامات اُٹھائے اور انڈیا کو یہ باور کرایا جائے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرعالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے لہذا وہاں پر فوری طور پر انسانی حقوق کی پامالیاں بندکی جائیں اوراسی طرح اقوام متحدہ بھارت پرزور دے کہ پاکستان سے مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کے لئے مذاکرات کرے اور کشمیری عوام کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دیا جائے تاکہ کشمیری عوام اپنی مرضی ومنشاء کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی طرف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے علاوہ اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق، یورپی یونین کے صدر، یورپی پارلیمنٹ کے صدر، یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سمیت دیگر یورپی پارلیمان اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی یاسین ملک کی رہائی کے سلسلے میں خطوط لکھے گے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق پامالی کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close