اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ میں پارٹی کارکنوں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف آزادکشمیر چیئرمین عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کارکنوں نے جوق در جوق حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کرکے یہ بات ثابت کی ہے کہ تحریک انصاف کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوسکتی۔
جس جذبے اور جوش وخروش کے ساتھ آزاد کشمیر کے ہر کونے سے کارکنوں نے اسلام آباد پہنچنے کی کوشش کی ہے اس جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر ہاوس اسلام آباد میں وزراء حکومت چوہدری علی شان سونی،ڈاکٹر نثار انصر ابدالی،چوہدری اخلاق،چوہدری مقبول،چوہدری اکبر ابراہیم و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ حقیقی آذادی مارچ میں متحرک اور بھرپور کردار اد ا کرنے والے کارکنوں،ذیلی تنظیموں،تمام ونگز کے عہدیداروں نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین کی کال پر لبیک کہی،یہ تنظیمی نظم وضبط کا واضح ثبوت ہے۔ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جو جمہوری طرز عمل اور رویوں پر یقین رکھتی ہے،جماعتی کارکنوں نے بے لوث ہوکر ذاتی وسائل کے تحت آزادی مارچ کی کامیابی میں کردار ادا کیا ہے۔پارٹی کو اپنے کارکنوں اور ان کے جذبہ عمل پر فخر ہے۔یہاں بات چیت کے دوران صدر تحریک انصاف نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ میں آزاد کشمیر سے ہزاروں افراد کی شرکت اور پاکستان کے ہر شہر سے لاکھوں افراد کی جانب سے قافلوں کی صورت میں لانگ مارچ میں شریک ہونے کی کوششیں رکاوٹیں حائل کیے جانے کے باوجود کامیابی کی دلیل ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کے مطالبات آئین کے مطابق ہیں اور ان مطالبات کو پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق ہی پورا کیا جانا چاہیے۔پاکستان کے مختلف شہروں خصوصاً پنجاب کے اندر تحریک انصاف کے کارکنوں کے ساتھ پولیس کے رویے اور وفاقی وپنجاب حکومت کی جانب سے حائل کیے جانے والی رکاوٹوں،تشدد اور گرفتاریوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو فعال کردیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے گرفتاری کارکنوں کی رہائی کا حکم بروقت اور انصاف کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے کسی بھی جگہ قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش نہیں کی،پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے اور پاکستان کا آئین اس حق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔نئے انتخابات کا انعقاد ہی پاکستان کے سیاسی اور معاشی بحران کا واحد حل ہے۔جب تک نئے انتخابات اور نیا مینڈیٹ حاصل نہیں ہوتا کوئی بھی سیاسی جماعت پاکستان کو موجودہ بحران سے نہیں نکال سکتی۔مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں جن کے لیے تاریخ کا تعین کیا جانا درست اور جائز مطالبہ ہے۔سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ پورا پاکستان اور قوم کھڑی ہے یہ بات پوری دنیا پر واضح ہوچکی ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے مقبول اور بڑی سیاسی جماعت ہے جس کے قائد عمران خان پاکستان میں شعوری انقلاب کے موجد ہیں۔عوامی حقوق کا شعور اور ان کے تحفظ کے لیے عمران خان کی سیاسی جدوجہد تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی پونچھ سردار مرتضی علی احمد،مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سردار افتخار رشید چغتائی،صدر انصاف یوتھ آذاد کشمیر راجہ سبیل ریاض بھی موجود تھے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں